QR CodeQR Code

سلالہ اور ملالہ پر حملے ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں، پیر معصوم شاہ نقوی

12 Oct 2012 22:02

اسلام ٹائمز:جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں پر حملے انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، ایسے حملوں کا مقصد بچوں کو تعلیم کے شعور سے دور رکھنا ہے لیکن ہماری قوم کے نڈر بچے دہشت گردوں کیلئے موت کا پیغام ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے کہا ہے کہ سلالہ اور ملالہ پر حملے ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں، دہشت گرد ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ایسے افراد کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئے، ملکی سالمیت اور خودمختاری پر ایٹمی حملے کے مترادف ہیں، دہشت گرد پوری قوم کی غیرت کو للکار رہے ہیں لیکن حکمرانوں کی مفاد پرستی دہشت گردوں سمیت امریکی حوصلوں کو بھی بڑھا رہی ہے، قوم اچھی طرح جانتی ہے کون لوگ ہمارے ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جے یو پی کے مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے نماز جمعہ کے بعد ملالہ کی صحت یابی کیلئے منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل پیر محی الدین محبوب، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی پیر شفاعت رسول نوری، پیر اختر رسول، آصف بٹ، سید اسرار حسین شاہ، چودھری غلام نبی، صاحبزادہ نواز قاسم اور سید عقیل حیدر نے بھی خطاب کیا اور ملالہ کے حوصلوں اور قوم کیلئے اسکے عزم کو سراہا۔

مقررین نے ملالہ پر حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر حملے انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، ایسے حملوں کا مقصد بچوں کو تعلیم کے شعور سے دور رکھنا ہے لیکن ہماری قوم کے نڈر بچے دہشت گردوں کیلئے موت کا پیغام ہیں۔ اجلاس میں 14 اکتوبر کو لاہور میں ہونیوالی اہلسنت جماعتوں کی یارسول اللہ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ کانفرنس مرکزی دارلحزب الحناف متصل داتا صاحب لاہور میں بعد نماز مغرب ہو گی جس میں ملک بھر سے اہلسنت جماعتوں کے نمائندہ وفود شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 203047

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/203047/سلالہ-اور-ملالہ-پر-حملے-ایک-ہی-سلسلے-کی-کڑی-ہیں-پیر-معصوم-شاہ-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org