0
Monday 15 Oct 2012 01:42

جدوجہد آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مختار وازہ

جدوجہد آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مختار وازہ
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے مزاحمتی رہنماء مختار احمد وازہ نے کشمیریوں کی قربانیوں کو کسی بھی طور پر فراموش نہ کرنے کا عہد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کی ہدایت پر لیگ سے وابستہ ضلع سرینگر کے اراکین کی ایک روزہ ورکشاپ مرکزی ذمہ داران محمد مقبول صوفی اور امتیاز احمد ریشی کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں اراکین نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا۔ پیپلز لیگ کے چیئرمین نے ٹیلیفونک خطاب کرتے کہا کہ ایک سچا مسلمان اپنے بنیادی اصولوں سے کبھی سودا کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک مسلمہ حقیقت ہے، جو آج بھی اقوام متحدہ میں اپنی اصل حالت میں موجود ہے، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے 27 اکتوبر 1947ء میں فوج کی مدد سے جبری طور پر قبضہ کیا اور جس کے بعد 3 اگست 1948ء میں پہلی قرار داد اقوام متحدہ میں پاس کی گئی، جو مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی وکالت کرتی ہے۔

اجلاس میں موجود تمام اراکین نے اس عزم کو دہرایا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے کشمیری عوام نے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں جن کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا اور کشمیر کی سیاسی جدوجہد کو منزل مقصود تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی قراردادوں کو استعمال کرے اور ساتھ ساتھ ریاست میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں فرضی جھڑپوں کے دوران لاکھوں افراد کو ہلاک کیا جبکہ وہ سخت ترین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔
خبر کا کوڈ : 203569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش