0
Monday 15 Oct 2012 12:39

شام میں قیام امن کیلئے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں، ڈاکٹر احمدی نژاد

شام میں قیام امن کیلئے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں، ڈاکٹر احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے شام کے لئے خصوصی نمائندے اخضر ابراہیمی نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں یو این او کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے قومی مصالحت کے ذریعے شام کے بحران کے حل اور وہاں پر قیام امن کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اخضر ابراہیمی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں شام میں قومی مصالحت کی برقراری کو بحران کے خاتمے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ اپنے لئے حکمرانوں کا انتخاب، انصاف اور آزادی سبھی اقوام کا مسلمہ حق ہے اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کسی بھی ملک کے عوام کو ان کے اس حق سے محروم کرے، اس لئے شام کے عوام کو بھی یہ حق دیا جانا چاہیئے کہ وہ اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کریں، نہ کہ باہر سے کوئی فیصلہ ان پر مسلط کیا جائے۔

ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ شام میں کشیدگی، پورے خطے میں بدامنی کا باعث بن سکتی ہے اور اس ملک کے قبائلی ڈھانچے کے پیش نظر اگر اس کی تقسیم کی کوشش کی گئی تو کئی دہائیوں تک بدامنی جاری رہے گی۔ ایرانی صدر نے شام میں قیام امن اور آزادانہ انتخابات کرانے کے لئے جناب اخضر ابراہیمی کی کوششوں کے نتیجہ خیز ہونے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام میں امن کی برقراری کے لئے کسی بھی قسم کے تعاون سے گریز نہیں کرے گا۔ اس ملاقات میں شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نمائندے اخضر ابراہیمی نے بھی شام کے مسئلے کے بارے میں ہونیوالے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے اس بحران کے خاتمے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران سے تعاون کی اپیل کی۔ اخضر ابراہیمی نے اس ملاقات سے قبل ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی اور نائب وزیر خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
  
دیگر ذرائع کے مطابق شام کیلئے اقوام متحدہ کے سفیر برائے امن لخدر براہیمی ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی سے شام کے بحران پر بات چیت کیلیے تہران پہنچ گئے۔ تہران میں لخدر براہیمی نے کہا شام میں جاری بحران کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے، اقوام متحدہ اور عرب لیگ شام کے مسئلے کے حل کے لیے کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، لخدر براہیمی نے شام میں تمام گروپوں کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایران ان کے ساتھ امن کے قیام کی کوششوں میں ان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار تھا اور دوبارہ اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انتخابات یا اصلاحات سے قبل پرتشدد کارروائیوں کا فوری خاتمہ ضروری ہے، شام کے لیے اقوام متحدہ کے سفیر برائے امن لخدر براہیمی نے اس سے قبل ترکی کے دارالحکومت استنبول میں صدر عبداللہ گل، وزیر خارجہ احمد داؤد گل اور شامی اپوزیشن کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔

اقوام متحدہ کے مندوب نے ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالح سے ملاقات کی اور خطے کے بحران کے حل کے لئے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر براہیمی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عرب لیگ بحران کے حل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ شام کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کر لیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے مندوب کا کہنا تھا کہ شام میں تمام گروپوں کو ہتھیاروں کی سپلائی بند کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 203708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش