0
Monday 15 Oct 2012 17:27

پشاور، دہشتگردوں کا تھانہ متنی پر حملہ، ایس پی رورل سمیت 6 جاں بحق

پشاور، دہشتگردوں کا تھانہ متنی پر حملہ، ایس پی رورل سمیت 6 جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے متنی میں میں رات گئے دہشتگردوں کے حملے میں سینیئر پولیس افسر اور ایک انسپکٹر سمیت چھ پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق رات کے وقت مشتبہ طالبان نے کوہاٹ روڈ پر متنی میں غازی آباد پر بھاری اسلحے سے حملہ کیا۔ اس حملے کے جواب میں موقع پر موجود پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ واقعہ کی اطلاع سپرنٹنڈنٹ پولیس خورشید خان کو دی گئی تو وہ مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ پولیس کے مطابق اس جھڑپ میں ایس پی رورل خورشید خان سمیت چھ اہلکار جاں بحق اور بارہ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ جبکہ شدت پسندوں نے چوکی کو بھی آگ لگا دی۔

واضح رہے کہ متنی کا یہ علاقہ پشاور کے مضافات میں واقع ہے۔ اس علاقے میں مقامی افراد پر مشتمل ایک امن لشکر قائم کیا گیا تھا۔ جس کے سربراہ دلاور خان نے چند ماہ پہلے حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے امن لشکر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ اتوار کی صبح اسی علاقے میں شدت پسندوں نے فرنٹیئر کانسٹبلری کے اہلکاروں پر حملہ کیا تھا، اس جھڑپ میں ایک اہلکار ہلاک اور چار شدت پسندوں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 203738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش