0
Monday 15 Oct 2012 21:48

بیگناہ انسانوں کی جان لینا جہاد نہیں فساد ہے، سنی اتحاد کونسل کا طالبان کیخلاف آپریشن کا مطالبہ

بیگناہ انسانوں کی جان لینا جہاد نہیں فساد ہے، سنی اتحاد کونسل کا طالبان کیخلاف آپریشن کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں، دہشت گردی اور امریکی مداخلت کے خلاف صاحبزادہ فضل کریم کی زیرقیادت کراچی سے شروع ہونے والے ’’تحفظِ ناموسِ رسالت (ص) ٹرین مارچ‘‘ کا قافلہ 24 گھنٹے کا سفر طے کرکے لاہور ریلوے سٹیشن پہنچا تو اس کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ کراچی سے لاہور تک 16 ریلوے سٹیشنوں پر اجتماعات منعقد ہوئے۔ لاہور میں استقبال کرنے والی نمایاں شخصیات میں سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری، مفتی محمد اقبال چشتی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مفتی محمد حسیب قادری، پیر محمد اطہر القادری، پیر سید شمس الدین بخاری، صاحبزادہ رضائے مصطفٰی نقشبندی، مولانا مجاہد عبدالرسول، مفتی صداقت علی، صاحبزادہ ضیاء اللہ رضوی، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی محمد کریم خان، مولانا قاری فیروز صدیقی، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا پروفیسر عبدالعزیز نیازی اور دیگر شامل تھے۔

تیزگام کو سنی اتحاد کونسل کے پرچموں اور بینروں سے سجایا گیا تھا۔ ٹرین کے لاہور پہنچنے پر ریلوے سٹیشن کی فضا ’’سیّدی، مرشدی، یا نبی، یا نبی۔۔۔ غلامئ رسول میں موت بھی قبول ہے۔۔۔ گستاخِ رسول کی ایک سزا، سر تن سے جدا، سر تن سے جدا ۔۔۔ امریکہ نہ طالبان، پاکستان پاکستان ۔۔۔ امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے۔۔۔ ہم نہیں مانتے امریکہ تیرے ضابطے ۔۔۔ مردہ باد مردہ باد ۔۔ امریکہ مردہ باد، مردہ باد مردہ باد اسرائیل مردہ باد‘‘ جیسے نعروں سے گونج اٹھی۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر استقبال کے لیے آنے والے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عاشقانِ رسول ناموسِ رسالت (ص) کے تحفظ کے لیے مصلحت کی بجائے مزاحمت کا راستہ اختیار کریں گے، ہم بارود والے نہیں درود والے ہیں، امریکہ، بھارت اور اسرائیل انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی قوم کی آخری امید ہے۔ قوم کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفٰی برپا کریں گے، اقوام متحدہ امریکہ کا ذیلی ادارہ بن چکی ہے، اقوام متحدہ نے گستاخانہ فلم کا نوٹس نہ لے کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو مایوس کیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک اسلامی اقوام متحدہ قائم کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ روشن خیالی کے نام پر پاکستان میں مغربی تہذیب لانے کی کوششوں کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکنا امریکی ایجنڈہ ہے، امریکہ اور اس کے ایجنٹ طالبان اسلام کو بدنام اور پاکستان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ نے نائن الیون کی آڑ میں دس لاکھ انسان قتل کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن امریکہ کے حامیوں اور مخالفوں کے درمیان ہوں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ممتاز حسین قادری کے چاہنے والے دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، کیونکہ ممتاز حسین قادری ہر عاشق رسول (ص) کے لہو کی ایک ایک بوند میں بستا ہے، ممتاز قادری کے خلاف بدزبانی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناموسِ رسالت (ص) کے تحفظ کے لیے ہر مسلمان غازی علم الدین شہید کے جذبے سے سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر طالبان بھی ملک و قوم کے لیے خطرناک ہیں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں عسکری ونگ ختم کریں اور بار بار اقتدار میں آنے والے سدا بہار حکمران خاندان ملک کی جان چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو گریٹ گیم کی بساط کا مہرہ نہ بنایا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والی ملالاؤں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے اور عافیہ صدیقی کے حق میں بھی آواز اٹھائی جانی چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم بنانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرکے امریکی حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ رسول (ص) کی توہین کرنے والوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کا مقصد انقلابِ نظامِ مصطفٰی کی جدوجہد کو تیز تر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لہو سے ناموسِ رسالت کا تحفظ کریں گے۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کو مائی باپ سمجھنے کی روش ترک کریں کیونکہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی ضرورت بارود کی بو نہیں درود کی خوشبو ہے۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ محب وطن مذہبی اور نظریاتی قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے اور پاکستان کے نظریاتی تشخص کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں انقلابِ نظامِ مصطفٰی ہی پاکستان کو بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پوری ریاستی طاقت کے ساتھ کچلا جائے۔ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ سیاسی انتہاپسند ہی دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سامراجی پالیسیوں کی وجہ سے انسانیت کا خون بہہ رہا ہے، تحفظِ ناموسِ رسالت ٹرین مارچ کو نعروں کی گونج میں ریلوے سٹیشن سے رخصت کیا گیا۔ بعد ازاں تحفظِ ناموسِ رسالت ٹرین مارچ گوجرانوالہ، وزیر آباد، لالہ موسیٰ، جہلم سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچ کر ختم ہوا۔ گوجرانوالہ، جہلم اور دوسرے ریلوے سٹیشنوں پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ڈالروں کے لالچ میں اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے والے ظالمان کسی رحم کے مستحق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بچانے کے لیے پاکستان کو اسلحہ سے پاک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کی جان لینا جہاد نہیں فساد ہے، مذہبی راہنما عسکریت کی حوصلہ شکنی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آرمی چیف کا عزم پورے پاکستان کی آواز ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ناموسِ رسالت کے لیے سڑکوں پر نہ نکلنے والے سیاستدانوں کو قوم آئندہ الیکشن میں مسترد کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے ٹرین مارچ کے ذریعے گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں، دہشت گردی اور پاکستان میں امریکی مداخلت کے خلاف زوردار آواز اٹھائی ہے۔

قبل ازیں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے گستاخانہ فلم اور ڈرون حملوں کیخلاف کراچی سے شروع کئے جانیوالے ٹرین مارچ کے شرکاء ملتان پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ صاحبزاد فضل کریم کی قیادت میں ٹرین مارچ کے شرکاء ملتان ریلوے سٹیشن پہنچے تو سیکڑوں افراد نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور خوش آمد کہا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت کے سلسلے میں او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں بلایا جائے۔ انہوں نے دہشتگرد طالبان کیخلاف آپریشن کا بھی مطالبہ کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ طالبات پر حملہ ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ کے شرکاء ملتان کے بعد اب راولپنڈی کی طرف رواں دواں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 203872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش