0
Tuesday 16 Oct 2012 04:08

موجودہ سال کے آخر تک محکمہ تعلیم میں ایک ہزار آسامیوں کو مشتہر کیا جائے گا، ڈاکٹر شیر علی

موجودہ سال کے آخر تک محکمہ تعلیم میں ایک ہزار آسامیوں کو مشتہر کیا جائے گا، ڈاکٹر شیر علی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم ڈاکٹر علی مدد شیر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے اپنے انقلابی سفر پر رواں دواں ہے۔ موجودہ سال کے آخر تک محکمہ تعلیم میں مزید ایک ہزار آسامیوں کو مشتہر کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے سیکریٹری تعلیم سید ہادی اور محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر مجید خان سے کوارڈینیشن میٹنگ کے بعد جاری کئے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ علاقے سے ناخواندگی کا مکمل خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پلان پاکستان کے زیر اہتمام حال ہی میں ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کا مقصد ملک میں خواتین کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینا تھا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کو بڑھانے کے لئے ضلع دیامر اور ضلع استور میں ہوم اسکولوں کو متعارف کرایا گیا ہے، ہوم اسکولوں کے ذریعے خواتین میں تعلیم کو فروغ دینے کے مقصد میں کامیاب ہوگئے تو ہوم اسکولوں کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے، جس کے لئے کوئی کثر بھی باقی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے اور معیار تعلیم کو بڑھانے کے لئے وفاق سے مزید 2269 آسامیوں کو حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان آسامیوں کو پُر کرنے کے بعد پرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کے داخلوں کا رجحان ختم ہوجائے گا کیونکہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو پرائیویٹ اسکولوں سے بڑھانے کے لئے تیزی سے کام ہو رہا ہے خصوصاً خواتین اسکولوں میں معیار تعلیم بہتر کرنے پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 203940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش