0
Tuesday 16 Oct 2012 20:30

نیٹو کی بندوق کے سائے میں جمہوریت قائم نہیں کی جاسکتی، ڈاکٹر احمدی نژاد

نیٹو کی بندوق کے سائے میں جمہوریت قائم نہیں کی جاسکتی، ڈاکٹر احمدی نژاد
اسلام ٹائمز: اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے آج آذربائجان کے شہر باکو میں پاکستانی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ نیٹو کی بندوق کے سائے اور جنگ و جدل کے ذریعے کسی بھی ملک میں جمہوریت قائم نہیں کی جاسکتی۔ ڈاکٹر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ آج خطہ کی صورتحال انتہائی حساس ہے، اس لئے علاقائی ممالک کا فرض ہے کہ وہ اس حساسیت کا خیال رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ 
شام کے صورتحال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ شام کے بحران کا واحد حل وہاں پر قومی مفاہمت کا قیام ہے اور ہمیں کوشش کرنے چاہییے کہ وہاں کے عوام کو یہ حق دیا جائے کہ وہ آزادانہ انتخابات کے ذریعے اپنی تقدیر کا فیصلہ کرسکیں۔
 
ڈاکٹر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک کو دشمن اور مستکبر ممالک کی سازشوں کے حوالے سے ہوشیاری اور ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ ان ممالک نے 100 سال تک اس خطے پر حکمرانی کی ہے اور آج بھی وہ اس خطہ پر اپنا تسلط جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج اس خطے کی صورتحال دگرگوں ہے اور اگر موجودہ مشکلات کے حل کے لئے ہم نے مناسب اقدامات نہ کئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ایران اور پاکستان کے صدور نے دوطرفہ روابط کو بڑھانے کے طریقہ کار سمیت بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے آج باکو میں ای سی او سربراہی اجلاس کے ضمن میں اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ایران کے صدراتی پریس دفتر کے مطابق اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے علاقائی ممالک پر اپنا تسلط قائم کرنے اور علاقے کے عوام کو کمزور کرنے کے لئے دشمن طاقتوں کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جو کوئی ان دشمن طاقتوں کے اہداف کے دائرے میں اقدام کرے، وہ انکی سازشوں میں برابر کا شریک ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے ممالک میں ڈیموکریسی کے قیام کے لئے اسلحہ اٹھانے کو مذموم اقدام قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ علاقائی ممالک، سامراجی طاقتوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ اس ملاقات میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی علاقے کی موجودہ مشکلات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکلات کے حل کے لئے مناسب اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے صدور نے دوجانبہ تعلقات کی مزید توسیع اور عالمی و علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
خبر کا کوڈ : 204103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش