QR CodeQR Code

آزاد کشمیر، عباس پور ضلع بنائو تحریک کے زیراہتمام احتجاج

17 Oct 2012 10:35

اسلام ٹائمز: ذرائع کے مطابق احتجاجی جلوس کی قیادت ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری یاسین گلشن، سابق وزیر حکومت سردار اصغر آفندی نے کی۔ شرکاء کا عباس پور کو ضلع کا درجہ دیئے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم۔


اسلام ٹائمز۔ عباسپور کو ضلع بنائو تحریک کے زیراہتمام ایک جلوس نکالا گیا جس کی قیادت چوہدری یاسین گلشن، سردارمحمد اصغر آفندی، سردار محمد نسیم عباسی کر رہے تھے۔ شرکاء جلوس عباسپور کو ضلع کا درجہ دیا جائے۔ بچہ بچہ کٹ مرے گا۔ عباسپور ضلع بن کر رہے گا، کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ مقررین نے کہا کہ عباسپور ضلع کے راستے میں جو رکاوٹ بنے گا وہ پاش پاش ہو جائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت بھی عباسپور کو ضلع بننے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ آزاد کشمیر میں حکومت کی جانب سے فضول اعلانات اور یہ تمام کاغذی کاروائی اور ہوائی اعلانات کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔ ہم عوام کی بقاء کی بات کرتے ہیں۔ اگر عباسپور سب ڈویژن بن سکتا ہے تو ضلع کیوں نہیں بن سکتا۔ 

احتجاجی جلسے سے سردار محمد اصغر آفندی، چوہدری یاسین گلشن، سردار محمد نعیم خان، چوہدری عالم دین، سردار سفیر عالم چغتائی، چوہدری صدیق قمر اور مولانا لطیف چشتی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی جلسہ کی صدارت شیخ نذیر محمد خان سینئر نائب صدر انجمن تاجران عباسپور نے کی۔ مقررین نے کہا کہ ذاتی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں کرینگے۔ عباسپور کو ضلع بنوانے کے لیے اگر بڑی سے بڑی قربانی دینے پڑی تو بھی گریز نہیں کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت ہماری شرافت سے ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے۔ عباسپور کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے اور حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔
احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے کہا کہ ضلع پونچھ کی انتظامیہ عباسپور کی ضلع بننے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور راولاکوٹ کی انتظامیہ عباسپور کو اپنا فراع بنانا چاہتی ہے اور ضلع کے قیام کے سلسلے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اب عباسپور میں حکومت آزاد کشمیر اور ضلع انتظامیہ مردہ باد کے نعرے بھی لگانا پڑیں گے۔


خبر کا کوڈ: 204227

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/204227/آزاد-کشمیر-عباس-پور-ضلع-بنائو-تحریک-کے-زیراہتمام-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org