QR CodeQR Code

دفاع پاکستان کونسل ہماری سوسائٹی کو ہائی جیک کرنا چاہتی ہے، یو کے پی این پی

17 Oct 2012 12:59

اسلام ٹائمز: کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات کیساتھ کھیل کر مذموم مقاصد حاصل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف تحریک چلانے والی ڈی پی سی قیادت سپلائی کی بحالی پر اچانک غائب ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ نوے کی دہائی کی طرح ایک بار پھر کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھیل کر مذموم مقاصد حاصل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پہلے جہاد کونسل کی وجہ سے ہم نے پوری نسل کھوئی۔ اب دفاع پاکستان کونسل مذہبی منافرت پھیلا کر ہماری سوسائٹی کو ہائی جیک کرنا چاہتی ہے۔ دفاع پاکستان کونسل مذہبی منافرت پھیلا کر ہماری سرزمین اور نوجوان نسل کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ جس کی کوئی بھی باشعور شخص اجازت نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار UKPNP متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے ترجمان ناصر عزیز خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ 

PNP کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی نے مادر وطن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کیا ہے اور اس بار بھی اس منظم سازش کے خلاف پارٹی ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کل تک نیٹو سپلائی کے خلاف تحریک چلانے والی دفاع پاکستان کونسل اور سپلائی کی بحالی پر اپنے سینوں پر بم باندھ کر نیٹو کنٹینرز کے آگے لیٹنے کے دعویدار نام نہاد لیڈر، نیٹو سپلائی کی بحالی پر اچانک غائب ہو گئے۔ کیونکہ عالمی برادری کا فوکس وزیرستان اور قبائلی علاقے ہیں۔ اس لیے ان نام نہاد مذہبی لیڈروں کو کشمیر اور کشمیری مسلمان یاد آئے اور مظفرآباد وارد ہوئے۔ 

ناصر عزیز خان نے کہا کہ نوے کی دہائی میں جو نام نہاد کشمیری پاکستان کی کٹھ پتلیاں بنے اور اب دفاع پاکستان کونسل کے اشاروں پر ناچتے ہیں ہم ان نام نہاد کشمیریوں سے پوچھتے ہیں کہ کیا پاکستان کے اندر تمام مسائل حل ہو گئے کہ دفاع پاکستان کونسل کشمیریوں کے دفاع کے لیے نکل کھڑی ہوئی ان نام نہاد کشمیریوں کو بالآخر مظلوم کشمیریوں کے خون کا حساب دینا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 204242

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/204242/دفاع-پاکستان-کونسل-ہماری-سوسائٹی-کو-ہائی-جیک-کرنا-چاہتی-ہے-یو-کے-پی-این

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org