QR CodeQR Code

کرپشن کے خاتمہ کی سزا موت ہونی چاہیے، پیر معصوم شاہ نقوی

17 Oct 2012 21:39

اسلام ٹائمز:جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا ہے کہ ہمار ملک قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے لیکن ہم انہیں استعمال کرنے کے بجائے امریکہ اور دیگر ممالک کے سامنے جھولی پھیلائے کھڑے رہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ کرپشن کی سزا موت دینے کا بل پاس کیا جائے تاکہ موجودہ بدترین کرپشن، مہنگائی اور دہشت گردی کے سیلاب سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے ورنہ ہمارا ملک مزید 50 سال پیچھے چلا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جے یو پی کے مرکزی صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی، پیر نفیس الحسن بخاری، آصف بٹ، پیر اختر رسول، سید اسرار حسین شاہ، چودھری غلام نبی، زیڈ اے کالروکا اور سید عقیل حیدر کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ جے یو پی کے رہنماؤں نے ملکی حالات کو بدترین قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کرپشن کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے سزائے موت ضروری ہے۔ پیر معصوم شاہ نقوی نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے لیکن ہم انہیں استعمال کرنے کے بجائے امریکہ اور دیگر ممالک کے سامنے جھولی پھیلائے کھڑے رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسی جھولیاں نہیں چاہئیں جن کی وجہ سے ہماری قومی غیرت اور انا کے پرخچے اُڑا دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا دور اب ختم ہو جانا چاہئیے، عوام کو انکے بنیادی حقوق انکی دہلیز پر ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نفاذ نظام مصطفے(ص) کے بغیر ملکی حالات میں تبدیلی کسی صورت نہیں آ سکتی اور اس تبدیلی کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے۔


خبر کا کوڈ: 204364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/204364/کرپشن-کے-خاتمہ-کی-سزا-موت-ہونی-چاہیے-پیر-معصوم-شاہ-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org