0
Wednesday 17 Oct 2012 22:11

سنی اتحاد کونسل جمعہ 19 اکتوبر کو ملک بھر میں ’’یومِ حمایتِ ممتاز قادری‘‘ منائے گی

سنی اتحاد کونسل جمعہ 19 اکتوبر کو ملک بھر میں ’’یومِ حمایتِ ممتاز قادری‘‘ منائے گی
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل جمعہ 19 اکتوبر کو ملک بھر میں ’’یومِ حمایتِ ممتاز قادری‘‘ منائے گی۔ اس روز جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں عظیم عاشقِ رسول ممتاز حسین قادری کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیں گی اور علمائے اہلسنّت خطباتِ جمعہ میں ممتاز حسین قادری کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ عیدِ قربان کے اجتماعات میں گستاخانہ فلم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور عیدگاہوں کے باہر گستاخانہ فلم کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔

اس بات کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی زیرصدارت مرکزی دفتر گلبرگ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تحریکِ تحفظِ ناموسِ رسالت کو دبانے کے لیے امریکی لابی متحرک ہو چکی ہے لیکن ایمان کی حرارت والے اس ایمانی تحریک کو دبنے نہیں دیں گے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ انقلابِ نظامِ مصطفی کے راستے کی ہر رکاوٹ پاش پاش کر دیں گے، آئندہ الیکشن میں امریکی غلام مسترد اور نبی(ص) کے غلام منتخب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ برنگے جھنڈوں کے ہجوم میں گنبدِ خضریٰ والا سبز پرچم سربلند رہے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پارلیمنٹ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور پٹواری کے ذریعے سیاست کرنے والوں کا سورج غروب ہونے والا ہے، عوام بار بار اقتدار میں آنے والوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے جبکہ حکمرانوں اور لیڈروں کو مصلحتوں نے گونگا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر غلبۂ اسلام کی منزل قریب ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ گستاخانہ فلم کے خلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں مفتی محمد اقبال چشتی، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، محمد نواز کھرل، علامہ نواز بشیر جلالی، مفتی محمد کریم خان، پیر سیّد شمس الدین بخاری، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، سیّد جواد الحسن کاظمی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 204381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش