QR CodeQR Code

ایرانی قوم کو تاریخ سے حذف کرنے کی کوششیں کرنیوالے تباہ و برباد ہوگئے، ملت ایران باقی ہے، احمدی نژاد

18 Oct 2012 10:03

اسلام ٹائمز: کویت کے اخبارات و جرائد کے مدیران کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ بعض اوقات صیہونی اور امریکی حکام دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہیں اور اگر ایران ان کی دھمکیوں کا جواب نہ دے تو وہ علاقے کی اقوام کے گھروں کے اندر داخل ہو جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران خیلج فارس کے ممالک کے امن اور سلامتی کو اپنا امن اور سلامتی سمجھتا ہے اور ہم نے برسوں سے اس علاقے اور ہمسایہ ممالک کے امن کی حفاظت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کویت کے اخبارات و جرائد کے مدیروں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کی سلامتی علاقے کی تمام اقوام سے مربوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن علاقے میں اختلافات پیدا کر کے اپنی موجودگی کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں وہ ہمیشہ اپنے زیرکنٹرول میڈیا کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں۔
 
ایرانی صدر نے علاقائی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس میں کسی بھی قسم کی بدامنی یقینی طور پر علاقے کے تمام ممالک کے نقصان میں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی اور امریکی بعض مواقع پر دھمکی آمیز بات کرتے ہیں اور ایران بھی ان دھمکی آمیز باتوں کا جواب دیتا ہے، کیونکہ اگر ہم صیہونیوں کو جواب نہ دیں تو وہ علاقے کی قوموں کے گھروں کے اندر داخل ہونا چاہتے ہیں اور یہ جواب درحقیقت علاقے کی سلامتی کے لیے ہے۔ 

ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ آج ایٹمی مسئلہ ملت ایران کے ساتھ دشمنی کے لیے ایک بہانے میں تبدیل ہو چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملت ایران کے ساتھ دشمنی ایک تاریخی غلطی ہے، کیونکہ وہ ملت ایران کو نہیں جانتے ہیں، اس ملت کی تاریخ سات ہزار سال پرانی ہے اور جن لوگوں نے ملت ایران کو تاریخ سے حذف کرنے کے لیے انتہائی کوششیں کیں، وہ خود تباہ و برباد ہوگئے اور ملت ایران بدستور باقی ہے۔


خبر کا کوڈ: 204449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/204449/ایرانی-قوم-کو-تاریخ-سے-حذف-کرنے-کی-کوششیں-کرنیوالے-تباہ-برباد-ہوگئے-ملت-ایران-باقی-ہے-احمدی-نژاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org