اسلام ٹائمز۔ افغانستان سے شدت پسندوں نے باجوڑ ایجنسی اور شمالی وزیرستان پر راکٹوں سے حملے کئے، جس کے نتیجے میں ایک بچی اور دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو افغانستان سے شدت پسندوں نے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقوں مینہ، گبرے، بانڈگئی میں 12 راکٹ فائر کئے، جو مقامی آبادی پر گرنے سے ایک بچی خاشیہ بی بی زخمی ہوگئی، جسے علاج کیلئے ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے راکٹوں کے پاکستانی علاقوں میں گرنے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے سرحدی علاقے میں افغانستان کی جانب سے 4 راکٹ داغے گئے جن میں سے ایک راکٹ گھر پر آگرا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔