0
Sunday 21 Oct 2012 14:38

بلوچستان اور کراچی کے عوام یکساں بدامنی و دہشت گردی کا شکار ہیں، اسد اللہ بھٹو

بلوچستان اور کراچی کے عوام یکساں بدامنی و دہشت گردی کا شکار ہیں، اسد اللہ بھٹو

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی میں پرویز مشرف کے دور آمریت سے لسانی گروہ کی دہشت گردی جاری ہے، روزانہ پندر ہ بیس افراد کو قتل کیا جارہا ہے۔ حکومت منفی تماشائی کا کردار ادا کرکے لسانی گروہ کی سرپرستی کر رہی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر عبدالمتین اخوندزادہ کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد سے کوئٹہ میں وفد کی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں جماعت اسلامی سندھ کے رہنماء اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی حمید اللہ خان ایڈووکیٹ، یونس بارائی، جماعت اسلامی بلوچستان کے سابق امیر مولانا عبدالحق ہاشمی اور بشیرا حمدماندائی بھی موجود تھے۔

اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ معاشی شہ رگ میں دہشت گردی کرکے پورے ملک کو تباہ کیا جار ہا ہے۔  سندھ کا گورنر ہاؤس شرپسندوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ سندھ حکومت سے ایم کیو ایم کو نکالنے تک حالات درست نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کے قیام، عوام کو تحفظ دینے اور عوام کا دکھ درد رکھنے والی حکومت کے قیام تک امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ سندھ حکومت میں شامل اتحادیوں نے کراچی کے عوام کو امن فراہم کرنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا الٹا شرپسندوں کو حوصلہ، مدد اور تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کراچی کے عوام یکساں بدامنی و دہشت گردی کا شکار ہیں۔ اس موقع پر حافظ حسین احمد نے کہا کہ امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف عوام الناس، مظلوموں اور سیاسی مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ کراچی کے عوام گزشتہ دس سال سے بدامنی اور دہشت گردی کا شکار ہیں، کراچی کے عوام مظلوم اور اسلام سے محبت کرنے والے ہیں، معاشی شہ رگ ہونے کی وجہ سے دشمن نے بدامنی و دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرکے کراچی میں حالات خراب کرنے والوں کو قرار واقعی اور عبرتناک سزا دی جائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور بلوچستان کے عوام کو امن، ترقی اور خوشحالی دینا لازمی ہو گیا ہے۔ مظلوم بلوچستان اور مظلوم کراچی کو امن دینے سے پورے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی نصیب ہوگی۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسداللہ بھٹو، عبدالمتین اخونز ادہ و دیگر نے پشتون آباد مدرسہ جاکر سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ القرآن مولانا نور محمد کے انتقال پر ان کے صاحبزادوں اور عزیزوں سے تعزیت کی۔

خبر کا کوڈ : 205267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش