0
Sunday 21 Oct 2012 19:54

گورنر پنجاب کی شاکر رضوی کی رہائش گاہ پر جا کر اہل خانہ سے تعزیت

گورنر پنجاب کی شاکر رضوی کی رہائش گاہ پر جا کر اہل خانہ سے تعزیت
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ ایڈووکیٹ شاکر علی رضوی (مرحوم) کی رہائش گاہ پر گئے جہاں اُنہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے ان کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ بعدازاں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت مخلص ہوتی تو پنجاب میں دہشت گردوں کو سر اٹھانے کی ہمت نہ ہوتی، وزیر قانون کی مہربانی سے پنجاب میں دہشت گرد کھلے عام پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔


انہوں نے کہا کہ اصغر خاں کیس کو منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے تو مسلم لیگ(ن) کی قیادت سیاست سے ختم ہو جائے گی، آئین کی رُوح شفاف الیکشن پر ہے، پیسے بانٹنے اور وصول کرنے والے ریاست اور آئین کے ساتھ غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے ساتھ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت فوری طور پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے، سپریم کورٹ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے عدالتی قتل کا بھی فیصلہ کرے تاکہ آئین کے خالق پر لگا دھبہ ختم ہو سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مارشل لاء کی کوکھ سے پیدا ہونیوالے ہمیشہ چور دروازوں، محلاتی سازشوں اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ساتھ اقتدار میں آنے کے خواہش مند رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت، قانون، عوام اور ووٹ سے آشنا ہی نہیں، ان کے نزدیک سیاست محض ذاتی خواہشات کی تکمیل اور حصولِ اقتدار کی ہوس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب عوام کے سامنے ان کے نقلی چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ گورنر پنجاب نے سپریم کورٹ کے حوالے سے کہا کہ ہم انتہائی ادب سے عدالت عالیہ سے ملتمس ہیں کہ اگر آپ پیپلز پارٹی کے کیسز کو فوری طور پر سناتے ہیں تو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کیس کا بھی جلد فیصلہ ہونا چاہئے جو کہ پچھلے چار سالوں سے صوبے میں غیر آئینی طور پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے جبکہ اس کے تحت ایک غیر آئینی کابینہ بھی کام کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے سیاست کو اقتدار نہیں بلکہ عبادت سمجھ کر کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں، محنت کشوں، کسانوں اور نوجوانوں کے حقوق کی خاطر جنگ لڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جماعت شہیدوں کی جماعت ہے اور اس کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کو رواں دواں رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ گورنر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یا شہید بے نظیر بھٹو کو شہید کر دینے سے یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی تو یہ ان کی حماقت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی فردِ واحد کی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کی آواز ہے اور اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
خبر کا کوڈ : 205451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش