0
Monday 22 Oct 2012 15:41

کوئٹہ، مغوی ڈاکٹر سعید کی عدم بازیابی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ، مغوی ڈاکٹر سعید کی عدم بازیابی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ ڈاکٹر سعید خان کی عدم بازیابی کے خلاف ایل آر بی ٹی ملازمین کی جانب سے کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی مختلف شاہرائوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے میں تبدیل ہوگئی، اس موقع پر شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر ڈاکٹر سعید کی رہائی سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آنکھوں کی مختلف بیماریوں کے شکار ہزاروں اہلیان بلوچستان کا رضاکارانہ طور پر مفت علاج کرنے والے ڈاکٹر سعید خان کو اغواء ہوئے 5 دن گزر چکے ہیں۔ مگر  اب تک حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے ان کے اغواء میں ملوث ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ جو کہ قابل مذمت ہے۔ 

مظاہرین نے کہا کہ آنکھوں کی بیماری میں مبتلا مریضوں کے لئے امید کی کرن ڈاکٹر سعید احمد رضاکارانہ طور پر ایل آر بی ٹی اسپتال میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نے اب تک بے شمار مریضوں کے مفت آپریشن کئے تھے۔ مگر افسوس کہ زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت انہیں بھی نہیں بخشا گیا۔ اب ان کی عدم بازیابی سے اہلخانہ سمیت ایل آر بی ٹی کے دیگر ملازمین سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اس سلسلے میں بلوچستان بھر کی ڈاکٹر برادری بھی سراپا احتجاج ہے مگر اب تک ان کا بازیاب نہ ہونا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈاکٹر سعید کے اغواء میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں بازیاب کرائیں، اس موقع پر مظاہرین نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 205543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش