QR CodeQR Code

عوامی نیشنل پارٹی سندھ اس سال قربانی کی کھالیں اکٹھا نہیں کرے گی، سینیٹر شاہی سید

23 Oct 2012 03:18

اسلام ٹائمز: باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص عوامی نیشنل پارٹی کے نام پر قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کے فعل کا مرتکب پایا جائے تو اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ اس سال چرم قربانی اکٹھا نہیں کرے گی، شہر کی مخدوش صورت حال اور امن کی خاطر پہلے بھی تعاون کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے، عوامی نیشنل پارٹی کی کوئی ذیلی تنظیم یا فلاحی ادارہ اس سال قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرے گا اور اگر کوئی عوامی نیشنل پارٹی کے نام پر اس چرم قربانی جمع کرنے کا مرتکب پایا گیا تو انتظامیہ اس کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کرے اور ہم عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اگر کراچی بھر میں کوئی بھی اس قسم کے فعل کا مرتکب پایا جائے تو اس کی اطلاع عوامی نیشنل پارٹی کے ڈسٹرکٹ صدور کو دی جائے تاکہ ذمہ داران کے خلاف تنظیمی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا ہے کہ قربانی کی کھالوں کی زبردستی چھینا چھپٹی ہر سال کا معمول بن گیا ہے، ہر سال صرف رسمی طور پر ضابطہ اخلاق تیار کیا جاتا ہے مگر اس پر کبھی عمل نہیں کرایا جاسکا ہے، پاکستان ملک کا واحد شہر ہے جہاں شہری اپنی مرضی سے سنت ابراہیمی بھی ادا نہیں کرسکتے، ہر سال شرپسند عناصر کھلم کھلا قربانی کی کھالیں چھینتے ہیں اور اس سلسلے میں نمائشی اعلانات ناکافی ہیں، ہر سال ہزاروں کھالیں زبردستی چھینی اور وصول کی جاتی ہیں مگر آج تک کسی ذمہ دار کو سزا نہیں دی جاسکی ہے، جب تک ذمہ داران کو کڑی سزا نہیں دی جاتی یہ سلسلہ ہر سال جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 205838

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/205838/عوامی-نیشنل-پارٹی-سندھ-اس-سال-قربانی-کی-کھالیں-اکٹھا-نہیں-کرے-گی-سینیٹر-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org