0
Wednesday 24 Oct 2012 03:32

اسکردو کے مضافاتی گاؤں کے مکان میں آگ لگنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ غائب

اسکردو کے مضافاتی گاؤں کے مکان میں آگ لگنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ غائب
اسلام ٹائمز۔ اسکردو کے مضافاتی گاؤں سندوس میں مکان میں آگ لگ گئی۔ اہل محلہ ریسکیو 1122 کے عملے کو بلاتے رہے، لیکن ریسکیو کی ٹیمیں نہیں آئیں، تاہم اہلیان علاقہ نے آگ پر خود ہی قابو پالیا۔ تفصیلات کے مطابق اسکردو کے نواحی گاؤں سندوس سکل گرونگ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی تو بر وقت پہنچ گئی لیکن ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے آنے تک کی زحمت گوارہ نہیں کی لیکن اہالیان محلہ نے فائر بریگیڈ کی مدد کرکے آگ پر قابو پالیا۔ اسی دوران متاثرہ مکان کے مالک اور گاؤں کے دیگر لوگوں نے میڈیا کو فون کرکے ریسکیو ٹیم کے ایکشن نہ لینے کی شکایات کی۔

بعد ازاں میڈیا نے ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا تو مقامی ریسکیو سیفٹی آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ ریسکیو 1122 اس وقت طبی امداد کیلئے کام تو کر رہی ہے لیکن آگ بجھانے کیلئے فائر فائیٹنگ سروس تاحال شروع نہیں کی گئی ہے اور فائر فائیٹنگ کی گاڑیاں بھی ٹیوننگ پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب فائر فائٹنگ کی سروس کا اجراء ہوگا تو اس طرح کے واقعات پر ایکشن لینا ممکن ہوگا۔ دوسری جانب سندوس کے عوام نے اس صورت حال پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے نئے اداروں اور ان میں تعینات ملازمین کے وجود کا کیا فائدہ جو کہ وقت پر سروس نہ دے سکیں۔ ریسکیو اگر فائر فائیٹنگ کی سروس نہیں دے سکتی تو عوام کو دھوکے میں نہ رکھا جائے اور جو ٹیلی فون برائے نام لگایا ہوا ہے اس کو بھی بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 206065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش