QR CodeQR Code

الیکشن چرانے کے راستے بند ہو چکے ہیں

شریف برادران کا ملک سے بھاگنے کا وقت آن پہنچا ہے، قمرزمان کائرہ

23 Oct 2012 23:19

اسلام ٹائمز:اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ انیس سو نوے میں قائم ہونے والی غیرآئینی و غیر جمہوری حکومت کی طرف سے قائم کیے گئے مقدمات اور فیصلوں پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف برادران کو اپنے گناہوں کے ازالے کے لئے شرمندگی کا احساس کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگنی چاہیئے، کیوں کہ انہوں نے قوم کی کشتی اور جمہوریت کو ڈی ریل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے سیاسی عمل چرانے اور لوٹا کریسی کی فیکٹریاں قائم کرنے کا رواج قائم کیا اور آج بھی پنجاب حکومت ق لیگ کے لوٹوں کے سہارے قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینیظیر بھٹو کیخلاف فیصلہ دینے والے کو ملک کا صدر بنا دیا گیا، جو گناہ گار ہیں وہ بھی سوال کر رہے ہیں۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اب الیکشن چرانے کے راستے بند ہو چکے ہیں، پروپگنڈا اور ایجنسیوں کا سہارا لینے والے ناکام ہونگے۔

وفاقی وزیرقمرزمان کائرہ نے کہا کہ اصغر خان کیس میں ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم حکومت نے نہیں عدالت نے دیا ہے، پیسے کی تقسیم اصغر خان کیس کے فیصلے کا ایک حصہ ہے، جبکہ نوے کے انتخابات میں بننے والی حکومت پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب کو آئندہ انتخابات میں اندازہ ہوجائے گا کہ وہ اکیلے ہیں۔ ماضی میں وہ الیکشن چراتے تھے لیکن اس کے باوجود عوام ہمیں اقتدار میں لے آتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں عدالتی کمیشن بنائیں، کچھ اقوام متحدہ سے تحقیقات کرانے کے خواہاں ہیں۔ عدالت عالیہ نے دوٹوک قرار دے دیا ہے کہ 90 کا الیکشن چوری کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ محترمہ کی 1986 میں وطن واپسی پر جرنیل نے سیل تشکیل دیا تھا، محترمہ نے 90ء میں ہی کہہ دیا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔ محترمہ کو نتایج تسلیم نہ کرنے پر شوہر کو قتل کرنے کی دھمکی دیدی گئی، ہمارے مخالفین ایجنسیوں اورغیرقانونی ہتھکنڈوں سے اقتدار میں آتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ 1993 اور 1997 کے انتخابات میں بھی دھاندلی کی گئی۔ اصغر خان کیس کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی درخواست پر نہیں دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 206104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/206104/شریف-برادران-کا-ملک-سے-بھاگنے-وقت-پہنچا-ہے-قمرزمان-کائرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org