0
Wednesday 24 Oct 2012 16:24

سعودی عرب، 30 لاکھ سے زائد عازمین حج آج مناسک حج کی ادائیگی شروع کرینگے

سعودی عرب، 30 لاکھ سے زائد عازمین حج آج مناسک حج کی ادائیگی شروع کرینگے
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر سے 30 لاکھ سے زائد مسلمان مکہ سے 6 کلومیٹر کے فاصلے پر وادی منیٰ میں خیموں کے شہر میں گزشتہ رات سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے جہاں وہ آج ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ سعودی حکومت نے حج کی ادائیگی کیلیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سعودی بادشاہ شاہ عبداللہ حج انتظامات کی نگرانی کیلیے جدہ پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی سہولت کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ منیٰ میں حاجیوں کو معلمین کے ذریعے خیمے الاٹ کردیے گئے ہیں۔ شناخت میں سہولت کیلیے پاکستانی حاجیوں کے کیمپ پر پاکستان کے جھنڈے لگا دیے گئے ہیں اور معاونت کے لئے پاکستانی حج مشن اور طبی عملے کے ارکان بھی گزشتہ رات منیٰ پہنچ گئے۔ سیکیورٹی فورسز، محکمہ صحت، ہلال احمر، شہری دفاع اور دیگر متعلقہ محکموں کے عملے نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ مختلف مقامات پر 22 ہزار افراد پر مشتمل طبی عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری کا بھی بندوبست کیا گیا ہے اور ابھی تک 12 مریضوں کے آپریشن کیے جاچکے ہیں۔

مناسک حج کے 5 دنوں کے لئے مشاعر مقدسہ میں 141 ہیلتھ سینٹر بنائے گئے ہیں، 100 ایمبولینس تیار رکھی گئی ہیں، 5 اسپتالوں میں انتظامات کے لئے 5 کروڑ ریال خرچ کیے گئے ہیں جبکہ ساڑھے 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل انسداد دہشت گردی کے خصوصی اسکواڈ نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ یاد رہے کہ حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفات کل (جمعرات) ادا کیا جائے گا، لاکھوں عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے لئے (آج) شام مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچیں گے اور وہاں رات بسر کریں گے، رات منیٰ میں قیام کے بعد عازمین حج میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جاتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 206302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش