0
Wednesday 24 Oct 2012 20:33

لانگ مارچ میں شرکت کیلئے 10 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے، ریاض حسین شاہ

لانگ مارچ میں شرکت کیلئے 10 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے، ریاض حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف جماعت اہلسنّت کا 8 نومبر کو راولپنڈی سے شروع ہونے والا ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ 12 نومبر کو کراچی پہنچے گا، اس تاریخی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے دس ہزار افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے،لانگ مارچ میں ہزاروں عاشقانِ رسول شریک ہو کر نبی کریم(ص) سے وفا کا ثبوت دیں گے۔

لانگ مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جماعت اہلسنّت اس طویل ترین لانگ مارچ کے ذریعے گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا احتجاج کرے گی جو اقوام متحدہ اور امریکہ کو توہینِ انبیاء کے خلاف قانون سازی پر مجبور کر دے گا۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے بتایا کہ ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ کے دعوت نامے تمام قومی راہنماؤں کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جماعت اہلسنّت کے ہزاروں کارکنان لانگ مارچ کی تیاریوں میں دن رات مصروف ہیں، اس پانچ روزہ لانگ مارچ کے دوران لاکھوں افراد سے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حلف لیا جائے گا، 8 نومبر سے 12 نومبر تک وطن عزیز کی فضائیں ’’یا رسول اللہ(ص)‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہیں گی۔ اجلاس میں مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید شمس الدین بخاری، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، محمد نواز کھرل، پروفیسر عبدالعزیز نیازی، پیر سید خضر حسین شاہ، صاحبزادہ محمد عثمان غنی، مولانا محمد حنیف چشتی، مولانا قاری فیروز صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 206386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش