QR CodeQR Code

پاکستانی فورسز پر سرحد پار حملوں میں امریکہ کا ہاتھ ہے، صاحبزادہ فضل کریم

24 Oct 2012 20:41

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو امریکہ نے افغانستان میں پناہ دے رکھی ہے، جماعت اہل سنت کے لانگ مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ اہل حق انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کرنے کے لیے صف بندی کر لیں، موقع پرست سیاست کاروں کو سیاست بدر کرنے کے لیے غلامانِ نبی کی شیرازہ بندی کریں گے، دہشت گردوں کے سلیپنگ پارٹنرز کو ریاستی گرفت میں لایا جائے، سیاست کو اشتعال کی بجائے شائستگی کی ضرورت ہے، پاکستان پر بدنام اور ناکام حکمران مسلط ہیں، محب وطن نوجوان ظلم اور جرم کا راستہ روکیں اور نظامِ زر و ظلم کے پرخچے اڑا دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل نشتر ٹاؤن کے صدر حاجی رانا شرافت علی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان میں ’’سیاست دولت کے ذریعے اور دولت سیاست کے ذریعے‘‘کے فارمولے پر عمل کیا جاتا ہے، ملکی ترقی کے لیے کرسی اور کمیشن کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو امریکہ نے افغانستان میں پناہ دے رکھی ہے، پاکستانی فورسز پر سرحد پار حملوں میں امریکہ کا ہاتھ ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سرکاری پیسہ ناجائز طریقے سے باندھنے اور وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں سخت سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست الزام در الزام کے چکر میں الجھ گئی ہے جبکہ پاکستان کو سنجیدہ سیاسی کلچر کی ضرورت ہے، حکمرانوں کی بے حسی اور عوام کی بے بسی کی انتہا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل حق بڑی جدوجہد کے لیے تیار ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل جماعت اہلسنّت کے 8 نومبر کو راولپنڈی سے شروع ہونے والے لبیک’’ یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ میں بھرپور شرکت کرے گی، یہ تاریخی لانگ مارچ گستاخانہ فلم کے خلاف ایک بڑا احتجاج ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 206388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/206388/پاکستانی-فورسز-پر-سرحد-پار-حملوں-میں-امریکہ-کا-ہاتھ-ہے-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org