QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اُمنگوں کے مطابق حل کیا جائے، الطاف حسین

25 Oct 2012 04:04

اسلام ٹائمز: آزاد کشمیر کے 64 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ کشمیری عوام کے حقوق کیلئے جاری جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے ان کا ساتھ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے آزاد کشمیر کے 64 ویں یوم تاسیس کے موقع پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں مقیم کشمیری عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ آج آزاد کشمیر کو آزاد ہوئے 64 برس گزر گئے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت نہیں مل سکا ہے جس کیلئے وہ گزشتہ کئی برسوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ انتہائی اہم ہے اور اس کے مستقل حل کیلئے ٹھوس اور جامع حکمت ترتیب دینا ہوگی اور پاکستان اور بھارت کو کشمیر کے مسئلہ پر سنجیدہ ہوکر ایک نقطہ پر متفق ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ کشمیر کے عوام کو ان کے جائز اور بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں اور ان کے تمام مطالبات کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے جس سے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اُمنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام کی شرکت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ کشمیری عوام کے حقوق کیلئے جاری جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے ان کا ساتھ دیں۔ الطاف حسین نے ایک بار پھر آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، صدر سردار یعقوب سمیت دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں مقیم کشمیری عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 206450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/206450/مسئلہ-کشمیر-کو-کشمیری-عوام-کی-خواہشات-اور-ا-منگوں-کے-مطابق-حل-کیا-جائے-الطاف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org