0
Friday 26 Oct 2012 00:02

چیف جسٹس دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز سے شہریوں کو نجات دلائیں، سید منور حسن

چیف جسٹس دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز سے شہریوں کو نجات دلائیں، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے منصورہ میں وُکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے عدلیہ سے بہت امیدیں باندھ رکھی ہیں، عدلیہ ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو پانچ سال تک حکومت کی طرف سے محاذ آرائی کے باوجود سینہ سپر رہا اور قومی توقعات پر پورا اترا، ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ بحالی تحریک میں وکلاء کی شاندار کامیابی کے بعد عدلیہ کے این آر او سمیت اصغر خان کیس میں تاریخی فیصلوں نے قوم کے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے، ہم ان فیصلوں کو سراہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ عدلیہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں پر انحصار کرنے کے بجائے مجرموں کو خود کٹہرے میں کھڑا کر کے قومی امیدوں پر پورا اترے گی۔
 
اُنہوں نے کہا کہ حکومت پانچ سال تک عدلیہ کے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ بنی رہی ہے اور آئین و قانون کے بجائے اپنی مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہی، عدلیہ کا جو فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے اس پر تالیاں بجاتے ہیں اور جو ان کے خلاف ہو اس کی راہ میں روڑے اٹکانے اور عملدرآمد نہ کرنے کی روش قائم رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات پر چیف جسٹس کی طرف سے ایک بار پھر نوٹس لینے کا شکریہ لیکن قوم چاہتی ہے کہ چیف جسٹس اپنے فیصلوں پر عملدرآمد بھی کروائیں اور روزانہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز سے شہریوں کو نجات دلائیں۔
 
سید منور حسن نے مزید کہا کہ ملک میں تبدیلی کے لیے انتخابات کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں، عوام پورے عزم و یقین کے ساتھ اہل اور دیانتدار لوگوں کا انتخاب کریں اور 65 سال سے اقتدار پر مسلط خاندانوں کے صرف ڈیڑھ سو لوگوں کی ضمانتیں ضبط کروادیں تو میں انہیں ملک میں پرامن انقلاب کی ضمانت دیتا ہوں اور یہ انقلاب ملک میں نہ صرف قانون کی حکمرانی کا ذریعہ بنے گا بلکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کرنے کا پہلا زینہ ثابت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 206648
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش