0
Friday 26 Oct 2012 22:54

ایم ایم اے کی بحالی سے مذہبی سیاسی قوتوں کا ووٹ بنک تقسیم ہونے سے بچ گیا، مولانا فضل الرحمان

ایم ایم اے کی بحالی سے مذہبی سیاسی قوتوں کا ووٹ بنک تقسیم ہونے سے بچ گیا، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ اور پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اس پر ایف، آئی، اے کی تحقیقات حکومتی امتحان ہے، حکومت صاف اور شفاف تحقیقات کراکر اپنا قد اور وقار بڑھا بھی سکتی ہے اور اس اہم کیس کی متنازعہ تحقیقات کی وجہ سے حکومتی وقار کو دھچکا بھی لگ سکتا ہے، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کیس حکومت کیلئے کڑا امتحان ہے۔ کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے مذہبی سیاسی قوتوں کا ووٹ بنک تقسیم ہونے سے بچ گیا ہے اور اس طرح سے آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل ایک قوت کے طور پر ابھرے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے اس سے قبل امریکی یلغار کے سامنے بند باندھا تھا اور وہ وقت تھا جب امریکہ 9/11 کے بعد بدمست ہاتھی کی طرح سب کو روندتا ہوا پاکستان کی طرف بڑھ رہا تھا۔ یہ دینی قوتیں ہی تھیں جن کا اتحاد اس کے سامنے ڈٹ گیا، پورے ملک میں اس وقت جو فرقہ واریت کی لہر پھیلی ہوئی تھی وہ ختم ہو گئی، انہوں نے کہا کہ اِس وقت حالات پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو چکے ہیں اور ایسے میں مذہبی سیاسی جماعتوں کو اپنے مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں نے تمام چھوٹے بڑے اختلافات کو نظر انداز کر کے اسے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ مجلس عمل کی بحالی سے پاکستانی قوم کو ان سیکولر حکمرانوں سے نجات کا راستہ ملے گا، انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، ڈرون حملوں میں مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور حکمران امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں، آج ڈرون حملے کرنے والوں کے ایجنٹ خود ہی ان ڈرون حملوں کے خلاف لانگ مارچ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حیران کن بات ہے کہ جو احتجاج نیو یارک اور لندن میں ہونا چاہیئے وہ احتجاج آج وزیرستان میں کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 206799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش