0
Saturday 27 Oct 2012 03:50

عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں، پروفیسر غفور احمد کی شہریوں سے اپیل

عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں، پروفیسر غفور احمد کی شہریوں سے اپیل
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں تاکہ رفاحی و فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رفاحی تنظیم الخدمت نے بلا امتیار رنگ، نسل اور مذہب کے دکھی اور مصیبت زدہ افراد کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور خدمت میں دیانت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے عوام کا اعتماد حاصل ہے، عوام کا اعتماد ہے الخدمت کا اصل سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضاکار عیدالاضحی کے موقع پر اپنی عید کی خوشیاں قربان کر کھالیں جمع کرتے ہیں تاکہ غریب و نادار افراد اور خاندانوں کی امداد کی جا سکے۔ غریب و بے سہارا بچیوں کی شادی کا مسئلہ ہو یا نادار بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست، قدرتی آفات ہوں یا ناگہانی حادثات الخدمت نے ہر ہر موقع پر عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے۔

پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ الخدمت پورے ملک کی سب سے بڑی غیر سرکاری رفاحی تنظیم ہے، جو ہر سال اپنے حسابات کا آڈٹ کراتی اور عوام اور مخیر حضرات کی امانت اس کے اصل حقداروں تک پہنچاتی ہے۔ پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ چرم قربانی سے لے کر ہماری تمام تر سرگرمیاں صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے ہیں، ہم خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی ایک مقدس فریضہ اور سنت ابراہیمی ہے، قربانی کی کھالوں کا صحیح مصرف بھی ناگزیر ہے، کھالیں ایسے لوگوں کو دی جائیں جو اس سے حاصل ہونے والی رقم کو درست مد میں استعمال کریں۔
خبر کا کوڈ : 206843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش