0
Saturday 27 Oct 2012 20:58

قومی لیڈر کو روکنے سے خیر سگالی کے جذبات پیدا نہیں ہونگے، شاہ محمود قریشی

قومی لیڈر کو روکنے سے خیر سگالی کے جذبات پیدا نہیں ہونگے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو کینیڈا سے امریکا جانے کی اجازت نہ دینا بلاجواز اور افسوسناک ہے۔ لوگوں میں پذیرائی پانے والے قومی لیڈر کو اس انداز سے روکے جانے سے خیر سگالی کے جذبات پیدا نہیں ہوں گے، یہ بات انہوں نے ملتان میں درگاہ حضرت بہاءالدین زکریا پر نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا امریکی پالیسیوں پر اختلافات جمہوریت کا حسن ہے، خود امریکا کے اندر بھی اس کی بعض پالیسیوں سے اختلاف کرنے والے موجود ہیں تو کیا انہیں امریکا سے نکال دیا جائے گا یا کئی ممالک اور لوگوں کی بڑی تعداد ڈرون حملوں پر تحفظات رکھتی ہے تو کیا امریکا کے دروازے ان کیلئے بند ہوگئے۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کا فیصلہ شواہد کی بنیاد پر ہوا ہے، اس پر عمل ہونا چاہیئے، اب تو مسلم لیگ نواز اس فیصلہ کے بعد کمیشن کے قیام کے مطالبے سے دستبردار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا افتخار گیلانی کے پارٹی چھوڑ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پارٹی کی مقبولیت عوام میں قائم ہے۔ اس وقت تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات میں تاخیر کی وجہ نیا انتخابی طریقہ کار اور نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ہے۔ دو نومبر کو اسلام آباد میں پہلی بار اس پر عمل ہوگا اور وہاں الیکشن کے بعد خیبر پختونخواہ اور پھر پنجاب اور دوسرے صوبوں میں مرحلہ وار الیکشن ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 207056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش