0
Monday 29 Oct 2012 01:23

حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکی انتظامیہ کو خط تحریر کرے، سید منور حسن

حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکی انتظامیہ کو خط تحریر کرے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے امریکا کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی اور ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ امریکا انسانی حقوق کی پاسداری کے تمام تر دعوؤں کے باوجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو نہ ہی ان کے اہل خانہ سے ملنے دیا جارہا ہے اور نہ ہی انہیں صحیح خوراک دی جارہی ہے، اس صورتحال کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے اور امریکا سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ قیدیوں کے حوالے سے جو حقوق ہیں وہ پورے کرے اور مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے حکومت کا فرض ہے کہ وہ رہائی کے لیے اقدامات کرے اور امریکا میں ہونے والے انتخابات سے قبل امریکا کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے خط لکھے اگر خط لکھ دیا گیا تو ممکن ہے کہ امریکا کی نئی انتظامیہ عافیہ صدیقی کو رہا کردے۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ رہائی کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر سے یہ نہیں کہہ رہے کہ وہ این آر او کے حوالے سے خط لکھیں ہم تو عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے خط لکھنے کا کہہ رہے ہیں۔ امریکا کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ضرورت نہیں پاکستان کو ضرورت ہے کیونکہ وہ پاکستان کی بیٹی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے جماعت اسلامی کی کوششیں قابل قدر ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومت کوئی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں آج اگر ملک کے چیف ایگزیکٹو امریکی انتظامیہ کو خط لکھ دیں تو وہ رہا ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 207263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش