0
Monday 29 Oct 2012 23:49

آئی جے آئی کا مینڈیٹ چرانا آئین سے خلاف بغاوت ہے، آرٹیکل 6 لاگو ہوگا، لطیف کھوسہ

آئی جے آئی کا مینڈیٹ چرانا آئین سے خلاف بغاوت ہے، آرٹیکل 6 لاگو ہوگا، لطیف کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے عید الاضحٰی کے تینوں دن ہی مصروف گزارے۔ اُنہوں نے نماز عید بادشاہی مسجد لاہور میں ہزاروں لوگوں کے ساتھ ادا کی۔ نماز عید کے بعد ملکی ترقی، دہشت گردی، فرقہ واریت کےخاتمے، پاکستان کی خوشحالی اور کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ گورنر پنجاب اس موقع پر بادشاہی مسجد میں عوام سے عید ملے۔

عید کے دن گورنر ہاﺅس لاہور ہر خاص و عام کے لیے کھلا رہا اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا ۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں گورنر پنجاب سے ملنے کے لیے گورنر ہاﺅس کا دورہ کیا اور انہیں عید ملی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی شخصیات نے بھی گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور عید ملے۔

عید الاضحی کے موقع پر مستحق اور نادار افراد نے بھی گورنر ہاﺅس لاہور کا دورہ کیا۔ گورنر پنجاب نے ان افراد سے فرداً فرداً عید ملی۔ گورنر پنجاب ان میں گُھل مل گئے اور مستحقین میں عیدی اور تحائف تقسیم کیے۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ عید کے روز ہر مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیو ں میں شامل کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ وہ ایک عوامی لیڈر (ذوالفقار علی بھٹو) کے پیروکار ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ عید کا دن بھی عام آدمی اور عوام کے ساتھ گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

بعدازاں گورنر ہاوس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی دبئی کے 11 رکنی وفد نے میاں منیر ہانس اور منیر احمد خاں کی قیادت میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی، ملکی، معاشی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ اصغر خاں کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہونا چاہیے۔ آئینی تقاضا یہی ہے کہ اس فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے کیونکہ آئی جے آئی کے ذریعے انتخابی عمل کو خراب کرنے کے لیے گٹھ جوڑ کیا گیا تھا یہ آئین کے خلاف بغاوت ہے۔ آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے۔ ہم نے یوسف رضا گیلانی کا فیصلہ تحفظات کے باوجود قبول کیا۔ اس لئے اب شریف برادران کو چاہیے کہ یہ بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے بارے میں غلط طور پر منفی تاثر دیا جارہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کا احترام نہیں کرتے جبکہ سپریم کورٹ پر حملے بھی مسلم لیگی قہادت نے کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے تا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں۔

گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے عہد کررکھا ہے کہ ہم پانچ سال کا دور حکومت کا عرصہ پورا کریں گے اور منصفانہ اور شفاف الیکشن کروا کر عوام کے ووٹوں کی طاقت سے دوبارہ منتخب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 207515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش