QR CodeQR Code

عوام بیداری کے ذریعے ڈی آئی خان کا امن سبوتاژ کرنیکی سازشوں کو ناکام بنا دیں، علامہ رمضان توقیر

30 Oct 2012 22:30

اسلام ٹائمز: ہینڈ گرنیڈ حملے میں شہید ہونے والے ذیشان حیدر اور یاسر فیاض کی نماز جنازہ کے موقع پر ایس یو سی خیبر پختونخوا کے صدر کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات محرم الحرام پر بھی اثر انداز ہوسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام بیداری کے ذریعے علاقہ کا امن سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنا دیں، انتظامیہ محرم الحرام سے قبل قیام امن یقینی بنائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اتوار کے روز ہینڈ گرنیڈ حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ذیشان حیدر اور یاسر فیاض کی نماز جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کچھ سکون کا سانس لے رہے ہیں اور علاقہ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، ایسے میں اس قسم کا دہشتگردی کا واقعہ پیش آنا امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قتل کسی شیعہ کا نہیں بلکہ ڈیرہ اسماعیل خان کا قتل ہے، اس میں ملوث لوگ اسلام کیساتھ ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان کے بھی دشمن ہیں، یہاں کے لوگوں کو بیدار ہونا چاہئے اور اپنے دشمن کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات محرم الحرام پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، اگر انتظامیہ نے اس موقع پر سمجھداری کا مظاہرہ نہ کیا تو اس کا بہت نقصان ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 207781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/207781/عوام-بیداری-کے-ذریعے-ڈی-ا-ئی-خان-کا-امن-سبوتاژ-کرنیکی-سازشوں-کو-ناکام-بنا-دیں-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org