QR CodeQR Code

شام مشکل وقت کا ساتھی ہے، بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، علی اکبر صالحی

31 Oct 2012 13:10

اسلام ٹائمز: تہران میں شامی وزیر تیل کے ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے شام میں متحارب گروہوں کے درمیان جنگ بندی کی تجویز کو اس ملک میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے اچھی پیشرفت قرار دیتے ہوئے مخالفین کی طرف سے اس کی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ماضی میں سخت حالات کے موقع پر شام نے ہمیشہ ایران کی حمایت کی ہے، ایران بھی مشکل کی اس گھڑی میں شام کو تنہا نہیں چھوڑے گا، بلکہ شام کی حکومت اور عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل شام تہران میں شامی وزیر تیل سعید ھنیدی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں توسیع کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران شام کے ساتھ روابط کو توسیع دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے عیدالاضحٰی کے موقع پر شام میں متحارب گروپوں کے درمیان جنگ بندی کی تجویز کو اس ملک میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے اچھی پیشرفت قرار دیتے ہوئے مخالفین کی طرف سے اسکی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر شام میں بحران کے خاتمے کے لئے سیاسی حل اختیار کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شام میں کسی بھی منفی تبدیلی کا علاقے کے ممالک پر بھی منفی اثر ہوگا۔ اس ملاقات میں شام کے وزیر تیل سعید هنیدی نے شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوری ایران اور بالخصوص رہبر معظم انقلاب اسلامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایران اور شام کے تعلقات میں مزید توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 207936

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/207936/شام-مشکل-وقت-کا-ساتھی-ہے-بھرپور-حمایت-جاری-رکھیں-گے-علی-اکبر-صالحی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org