0
Wednesday 31 Oct 2012 15:28

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز لاہور پہنچ گئی، حاجیوں کے سعودی حکام کے رویے کی شکایت

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز لاہور پہنچ گئی، حاجیوں کے سعودی حکام کے رویے کی شکایت
اسلام ٹائمز۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 502 حاجیوں کو لے کر لاہور پہنچ گئی۔ حاجیوں نے حرم شریف سے دور رہائش گاہوں، عملے اور سعودی حکام کے رویہ کی شکایت کی۔ جدہ سے آنے والی حج پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے لاہور پہنچی۔ پی آئی اے حکام کے مطابق مکہ جدہ روٹ پر ٹریفک کے رش کی وجہ سے حاجی دیر سے ائیرپورٹ پہنچے، جس کی وجہ سے پرواز میں تاخیر ہوئی۔ 

حاجیوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں حرم شریف سے انہیں دور رہائش گاہیں فراہم کی گئیں۔ جبکہ عملے اور سعودی حکام کا رویہ بھی ان کے ساتھ مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی پاکستانیوں کو غلام سمجھتے ہیں اور اسی طرح کا رویہ اختیار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کے رویے سے لگتا تھا کہ جیسے پاکستانیوں کو دیکھ کر انہیں زہر لگ گیا ہو۔  

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر حاجیوں کے استقبال کے لئے رشتہ داروں اور دوستوں کی بڑی تعداد پھولوں کے ہار لے کر موجود تھی۔ لوگ اپنے عزیز و اقارب کے استقبال کے لئے سکیورٹی بیرئیر پھلانگ کر اندر جانا چاہتے تھے، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا۔ اس موقع پر ان افراد کی سکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی اور گالی گلوچ بھی ہوا۔
 
لاہور میں حاجیوں کا استقبال پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینجر عمر دراز، ڈائریکٹر حج سعید ملک اور دیگر حکام نے کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر دراز کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے پرواز کی بروقت آمد یقینی بنانے کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ جو سعودی عرب سے مسافروں کو ائیرپورٹ تک پہنچانے میں رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2۔ دسمبر تک لاہور میں 35 پروازوں کے ذریعے 20 ہزار 472 حاجی وطن واپس پہنچیں گے۔
خبر کا کوڈ : 207976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش