0
Wednesday 31 Oct 2012 18:34

پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں،مولانا حیدری

پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں،مولانا حیدری
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پارٹی وفود سے اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ غیروں کی جنگ میں شرکت کی وجہ سے ملک سلامتی داؤ پر لگا دی گئی ہے، حالات دن بہ دن بدتر صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کراچی اور کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ جاری ہے اور دوسری طرف ڈرون حملے کئے جا رہے ہیں، تیسری طرف عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے وطن عزیز کیخلاف سازشیں عروج پر ہیں، ان حالات میں تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کیلئے میدان میں آنا ہو گا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کوئٹہ اور کراچی میں پرتشدد واقعات اور شمالی وزیرستان میں ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت صرف دعوے نہ کرے بلکہ قیام امن کیلئے حقیقی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں، پاکستان اس وقت بیرونی اور داخلی خطرات میں گھر گیا ہے، دشمن ان نازک حالات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

مولانا حیدری نے کہا کہ سابقہ دور کی غلط پالیسیوں نے ملک کو خطرناک دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، آنکھیں بند کر کے غیروں کی جنگ میں شریک ہونے کی وجہ سے پورا ملک زخمی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ملک کو اس خطرناک صورتحال سے نکالنے کیلئے محفوظ راستہ دیا تھا لیکن حکمرانوں نے پارلیمنٹ بائی پاس کر کے ایک اہم موقع گنوا دیا ہے۔ مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ ارباب اقتدار امن کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں امن نظر نہیں آ رہا ہے ملک میں جنگل کا قانون ہے۔
خبر کا کوڈ : 208012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش