QR CodeQR Code

حکومت کی اولین ترجیح ملک میں قیام امن ہے، صدر زرداری

1 Nov 2012 14:39

اسلام ٹائمز: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہی حکومت کی کامیابی ہوتی ہے اور ہم اسی ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں قیام امن ہے کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ملک سے توانائی کے بحران، غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائے، حکومت نے 1973ء کا آئین اصل شکل میں بحال کرکے جو کارنامہ انجام دیا ہے اسی طرح آئندہ انتخابات کو مقررہ وقت پر شفاف انداز میں منعقد کرکے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیں گے۔ صدر زرداری گورنر ہاﺅس کراچی میں قائم قام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعلقات، صوبے میں بارش سے متاثرہ اضلاع میں بحالی و تعمیر نو کے کاموں، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صدر نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے سبب مضبوط ہوئی ہے۔ اس پالیسی کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں اور بارش سے متاثرہ اضلاع میں بحالی اور ریلیف کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور ان اضلاع کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے۔ صدر نے وزیر اعلیٰ کو مزید ہدایت کی کہ ناراض اتحادی جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جائے اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہی حکومت کی کامیابی ہوتی ہے اور ہم اسی ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کو فوری ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 208078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/208078/حکومت-کی-اولین-ترجیح-ملک-میں-قیام-امن-ہے-صدر-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org