QR CodeQR Code

ملک کے چپے چپے کو اسرائیل بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

2 Nov 2012 13:28

اسلام ٹائمز: سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کو بیدار کرنے نکلی ہے، اس لئے اس نے سیاست میں عملی قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے مسائل اور ملکی سلامتی کے لیے بیدار ہو جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے موجودہ حکومت اقتدار میں رہنے کا قانونی و اخلاقی جواز کھو چکی ہے، اسے اب استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیئے۔ یہ بات انہوں نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار حکمران اور سیاست دان ہیں، اس وقت امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ملک کے چپے چپے کو اسرائیل بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی مفادات کی بجائے اپنے اقتدار کو طول دینے اور اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کو بیدار کرنے نکلی ہے، اس لئے اس نے سیاست میں عملی قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے مسائل اور ملکی سلامتی کے لیے بیدار ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ امن کا گہوارہ رہا ہے مگر آج اس کو اسرائیل بنانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں اور جان بوجھ کر یہاں حالات کو خراب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک میں امریکی مداخلت رہے گی یہاں امن ممکن نہیں، اس کے لیے ہمیں اپنے ریجن کے مطابق خارجہ پالیسی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے سندھ اور بلوچستان کے باشندوں کے زخموں پر کوئی مرہم نہیں رکھا بلکہ انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 208314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/208314/ملک-کے-چپے-کو-اسرائیل-بنانے-کی-کوششیں-جا-رہی-ہیں-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org