0
Sunday 4 Nov 2012 11:51

خفیہ اداروں کی غیر اخلاقی، غیر آئینی اور غیرقانونی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، میاں مقصود احمد

خفیہ اداروں کی غیر اخلاقی، غیر آئینی اور غیرقانونی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، میاں مقصود احمد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکومت وقت پر الیکشن کرواتی نظر نہیں آرہی، قوم کو متحد کرکے اقتدار پر قابض ٹولے کو عوامی طاقت سے انتخابات کے انعقاد پرمجبور کرینگے، جس کیلئے گرینڈ الائنس کی تشکیل انتہائی ضروری ہے، چیف الیکشن کمشنر ہر طرح کے خوف سے بے نیاز ہوکر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں، قوم ان کے ساتھ ہے، ملک میں تبدیلی کیلئے انتخابات کے سوا دوسرا راستہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے ملتان آمد پر مدرسہ جامع العلوم میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کنور محمد صدیق، مولانا عبدالرزاق، حافظ محمد اسلم، مولانا احسان فاروقی بھی موجود تھے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت دہشتگردی، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، ڈرون حملوں اور مہنگائی کا شکار ہے، موجودہ حکومت کا ساڑھے چار سالہ دور اقتدار 18 کروڑ عوام کے لئے کسی عذاب سے کم نہیں، پیپلز پارٹی کا احتساب بل قوم کو کسی صورت قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ نیب حکومتی مفادات کو تحفظ فراہم کررہا ہے، کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے نئے راستے تلاش کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف خطہ بلوچستان اس وقت پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پاکستان خواب خرگوش میں مصروف ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اپنے ہی لوگوں کو اغوا کرکے لاپتہ کیا جارہا ہے، خفیہ اداروں کی غیر اخلاقی، غیر آئینی اورغیرقانونی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں امن و امان کو قائم کرنے لئے ضروری ہے کہ حکومت وقت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، سی آئی اے، را اور موساد پاکستان میں کارروائیاں کررہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ناراض لوگوں سے مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے، ڈرون حملوں نے پوری دنیامیں پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو تماشا بنادیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 208897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش