0
Sunday 4 Nov 2012 20:30

آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکست یقینی ہے، رانا ثناء اللہ

آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکست یقینی ہے، رانا ثناء اللہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ منظور وٹو کی بڑھکوں سے پنجاب فتح ہو گا نہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں کوئی کمی آئے گی، البتہ صدر آصف زرداری منظور وٹو کے ذریعے پیپلز پارٹی کے مخلص اور نظریاتی کارکنوں سے چھٹکارا ضرور پا لیں گے۔ ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منظور وٹو کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر مقرر کر کے آصف علی زرداری نے اپنے مخالفین کا کام آسان کر دیا ہے، اب پیپلز پارٹی اور حکومتی اتحاد کو گھر کے اندر سے ایک بھیدی مل گیا ہے جو لنکا ڈھا کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ منظور وٹو کی ساری تاریخ بدعہدیوں اور بے وفائیوں سے بھری پڑی ہے، انہیں جن سازشوں کا ماہر قرار دیا جا رہا ہے یہ سازشیں خود انہیں اور پیپلز پارٹی کو لے ڈوبیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مسلم لیگ (ن) کا تعلق ہے اس کا ماضی، کارکردگی، جمہوریت سے وابستگی اور خلق خدا کی خدمت اسے ماضی میں بھی کامیابیوں سے ہمکنار کراتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منظور وٹو کی بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اور بطور وزیراعلیٰ کارکردگی سب کے سامنے ہے، ان کے کریڈٹ پر کوئی بڑا منصوبہ یا کارنامہ نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی میدان میں میاں منظور وٹو کی قلابازیاں ان کی ذاتی اور پیپلز پارٹی کی عزت میں کسی اضافے کا باعث نہیں بن سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بہتر ہو گا کہ وہ اپنی ماضی کی غلطیوں، بے وفائیوں اور سازشوں پر قوم سے معافی مانگیں اور اس بات کا اعلان کریں کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست کے بعد وہ کس پارٹی میں جانا پسند کریں گے کیوں کہ پنجاب نواز لیگ کا گڑھ ہے اوریہاں منظور وٹو کوعبرتناک شکست ملنے والی ہے۔
خبر کا کوڈ : 209095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش