0
Monday 5 Nov 2012 16:38

امریکہ اور بھارت کی بجائے چین اور ایران کیساتھ تعلقات بڑھائے جائیں، لیاقت بلوچ

امریکہ اور بھارت کی بجائے چین اور ایران کیساتھ تعلقات بڑھائے جائیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو اب اپنا ووٹ دینے کا رویہ بدلنا ہوگا، عوام برادریوں، جاگیر داروں، وڈیروں کے چکر سے نکل کر صالح قیادت کا انتخاب کریں، کراچی کے حالات کے ذمہ دار پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی ہیں، قوم چاہتی ہے کہ چیف جسٹس اپنے فیصلوں پر عملدرامد کروائیں اور روزانہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشتگرد وں اور ٹارگٹ کلرز سے شہریوں کو نجات دلائیں، پیپلز پارٹی نے جان بوجھ کر دہشتگردوں کو گود میں بیٹھا رکھا ہے، طالبان کا نام لے کر حکمران اپنی نااہلی چھپانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے ملک کی جغرافیائی پوزیشن سے فائدہ اٹھا کر آزاد و خود مختار خارجہ پالیسی بنانے کے بجائے اسے امریکی ایجنڈے کی بھینٹ چڑھا دیاہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ خارجہ پالیسی کو پاکستان دشمن امریکہ نواز خارجہ پالیسی کا نام دیا جاسکتا ہے، آزاد و خود مختار خارجہ پالیسی بھارت کے ناز نخرے اٹھانے اور امریکہ کے صدقے واری جانے کے بجائے چین اور ایران سے تعلقات بڑھانے کا تقاضا کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ گیارہ سال سے قوم ڈرون حملوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور پارلیمنٹ اپنی متفقہ قرار دادوں میں ڈرون حملوں کو روکنے، طالبان سے مذاکرات اور آزاد خارجہ پالیسی کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ جس پر حکمرانوں نے کان نہیں دھرے اور حکومت آنکھیں بند کر کے امریکی ایجنڈے پر گامزن رہی جبکہ وزیر خارجہ کو اب پتہ چلا ہے کہ ڈرون حملے عوام کے اندر نفرت پیدا کر کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے مقاصد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 209321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش