0
Monday 5 Nov 2012 23:37

پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے مزید مواقع موجود ہیں، حسن درویش

پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے مزید مواقع موجود ہیں، حسن درویش
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے پاکستانی تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ایران دوستی، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے مزید مواقع موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن درویش وند نے مزید کہا کہ پاک ایران تاجر برادری کے تعلقات سے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا کیونکہ ایران میں بھی بہت سی چیزیں ایسی ہیں جن کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ اسی طرح پاکستان میں بھی بہت سی چیزیں ایسی ہیں جن کی ایران کو ضرورت ہے، مثال کے طور پر قالین، کارپٹ، بجلی کا سامان، پلاسٹک کی مصنوعات وغیرہ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی پلاسٹک کی صنعت بہت جدید ہے، جس میں اعلٰی معیار کا سامان تیار کیا جاتا ہے اور ملک کے اندر اور باہر اس کی مانگ میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر اس صنعت سے مستفید ہو سکتے ہیں، جس کے لئے ایران بھرپور تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ اس کے علاوہ دوائیں اور کھانے پینے کی چیزیں جن میں بسکٹ کیک وغیرہ بھی شامل ہیں، پیک شدہ حالت میں بھی تیار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی اچھی چیزیں تیار کی جاتی ہیں، جو ایران کے بازاروں میں فروخت ہوتی ہیں اور ہم لوگ ان چیزوں کو پسند کرتے ہیں۔ مثلاً پاکستان کا چاول ہم گزشتہ پانچ سالوں سے خرید رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اس سے زیادہ خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے ہم نے گوشت بھی پاکستان سے منگوانا شروع کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس میں اضافہ کریں اور پاکستان کی توانائیاں بھی اس میدان میں زیادہ ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہماری ضرورت پوری کرسکتا ہے، ہم نے پاکستان سے دس لاکھ ٹن گندم منگوانے کا معاہدہ کیا ہے لیکن ابھی گندم کی فراہمی شروع نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے میں ایران کو گندم کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ ہمیں پاکستان سے کپڑے، چینی اور ورزش کے سامان کی بھی ضرورت ہے، جن کی برآمدات سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوسکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 209378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش