0
Monday 5 Nov 2012 21:42

محرم الحرام کے دوران امن کا قیام ہر صورت میں یقینی بنایا جائے، ذوالفقار کھوسہ

محرم الحرام کے دوران امن کا قیام ہر صورت میں یقینی بنایا جائے، ذوالفقار کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ سینئر مشیر وزیراعلی پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی محرم الحرام سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور امن وامان کے قیام کے لئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی مشاورت سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں وزیر ایکسائز وٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، رکن قومی اسمبلی میاں مرغوب احمد، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوقاف، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

سینیٹر ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، مجالس اور جلوس کی مانیٹرنگ کے ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کنٹرول روم یکم محرام الحرام سے کام کرنا شروع کر دے گا۔ انہوں نے تمام ایجنسیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔

سینئر مشیر وزیراعلی نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام اہم جلسوں اور مجالس کی لائیو کوریج کی جائے گی۔ مزید براں جلوسوں کے روٹس پر کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر اور وال چاکنگ کو سختی سے روکا جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے۔ انہوں نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹ پر واقع تمام ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کمشنرز اور ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی وڈویژنل سطح پر اتحاد بین المسلمین اور امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر انہیں فراہم کریں۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کہ وہ دو یوم کے اندر تمام پولیس فورس کی ممکنہ تعیناتی کا پلان تیار کر کے فوری طور پر بھجوائیں۔ انہوں نے اجلاس میں موجود واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 209414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش