0
Monday 5 Nov 2012 23:40

جنوبی ایشیا کو دہشتگردوں کی پناہگاہ قرار دیا جارہا ہے،قمر زمان کائرہ

جنوبی ایشیا کو دہشتگردوں کی پناہگاہ قرار دیا جارہا ہے،قمر زمان کائرہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کی وجہ سے خطے میں دہشت گردی نے جنم لیا مذہب کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں دوسری سائوتھ ایشین یوتھ کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کو ایک خطرناک خطہ قرار دیا جارہا ہے اور اسے دہشت گردوں کی پناہ گاہ قرار دیا جارہا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انتہاپسندی کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ گولی کی سوچ کو بیلٹ کی سوچ سے تبدیل کرنا ہوگا اور مسائل کے خاتمے کے لیے اقوام اور ملکوں کے درمیان مذاکرات کو فروغ دینا ہوگا۔

قمر زماں کائرہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔ پاکستان دنیا بھر سے مذاکرات کا قائل ہے جس کا مقصد خطے میں امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کو ہائی جیک کیا گیا لیکن گولی کے بجائے مذاکرات کرنا ہوں گے۔  انہوں نے کہا جنوبی ایشیا میں خطرات کی وجہ ماضی کے تعلقات اور علاقائی تنازعات ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دو تین ملکوں کو ہی خطرناک سمجھا جاتا ہے لیکن اس خطے میں دہشت گردی 1979ء میں آئی اس سے قبل خطہ مکمل طور پر پرامن تھا۔ پورا خطہ دہشت گردی سے متاثر ہوا مگر خطے میں قیام امن کیلئے تمام ممالک سنجیدہ ہیں اسی لئے پاک بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے درمیان مذاکرات اور تجارت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ مثبت سمت میں جاری ہے۔ 
 
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ دونوں طرف کے نوجوان تعلقات کی بہتری کیلئے جو کوشش کررہے ہیں وہ بطور وزیر اطلاعات اس کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی پاکستان سے شروع نہیں ہوئی بلکہ پاکستان اس کا نشانہ بنا ہے، یہ سویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کی روس کو شکست کے بعد ایک منظم طریقے سے پھیلی، جس پر دنیا نے کوئی توجہ نہ دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑرہا ہے اور 40 ہزار جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2015ء کی یوتھ کانفرنس کی پاکستان اور بھارت مشترکہ میزبانی کریں گے، آئندہ حکومت میں ہوں یا نہ ہوں پاکستان یوتھ کانفرنس کو سپورٹ کرے گا۔ وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے آرمی چیف جنرل کیانی کے بیان کو خوش آئند قرار دیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آرمی چیف کا حالیہ بیان اچھا ہے تاہم وہ ابھی اس پر کوئی بات نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 209441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش