QR CodeQR Code

پیرول پر رہا خطرناک ملزمان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی و مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

7 Nov 2012 13:24

اسلام ٹائمز: انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں سیکریٹری محکمہ قانون، سیکریٹری محکمہ جیل خانہ جات، سیکریٹری محکمہ پراسیکیوشن سروس، آئی جی جیل خانہ جات اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شامل ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر حکومت سندھ نے پیرول پر رہا ہونے والے خطرناک ملزمان کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ وسیم احمد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی جبکہ ان ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں سیکریٹری محکمہ قانون، سیکریٹری محکمہ جیل خانہ جات، سیکریٹری محکمہ پراسیکیوشن سروس، آئی جی جیل خانہ جات اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی پیرول پر رہا ہونے والے ملزمان کے ریکارڈز متعلقہ اداروں سے حاصل کرے گی، ان کے مقدمات کا جائزہ لے گی اور یہ بھی پتہ چلائے گی کہ پیرول پر رہائی کے بعد ان ملزمان پر مزید کتنے مقدمات درج ہوئے۔ کمیٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ 15 دن میں پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے حکومت نے جوائنٹ ٹیم تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا سربراہ ڈی آئی جی کے عہدے کا پولیس افسر ہوگا۔ ٹیم میں سی آئی ڈی، ایس آئی یو، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لئے فوری طور پر چھاپے مارے گی۔ اگر یہ ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں تو ان کی تفصیلات وفاقی وزارت داخلہ کو فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ انٹرپول سے ان کی گرفتاری کے لئے اقدامات کر سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ فوری طور پر ان ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو فہرست بھی ارسال کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں جو لوگ پیرول پر رہا ہوئے ہیں، وہ سزا یافتہ قیدی تھے اور جو اپنی 75 فیصد سزائیں پوری کر چکے تھے۔ انہیں ان کے اچھے رویے پر رہا کیا گیا جبکہ گزشتہ حکومت میں پیرول پر رہا کئے گئے 35 قیدیوں کے مقدمات زیر سماعت تھے۔ انہیں قانوناً رہا نہیں کیا جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 209860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/209860/پیرول-پر-رہا-خطرناک-ملزمان-کے-حوالے-سے-اعلی-سطح-کی-کمیٹی-مشترکہ-ٹیم-تشکیل-دینے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org