QR CodeQR Code

گھنائونی سازش کے تحت انتخابات ملتوی کرنے کی کو ششیں کی جارہی ہیں، وسیم اختر

7 Nov 2012 23:39

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پنجاب کے امیر نے بہاولپور میں حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک تمام مقدس گائیں ختم اور قانون امیر اور غریب دونوں کے لئے برابر نہیں ہوجاتا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے بہاولپور میں ڈاکٹر محمد اشرف کی تقریب حلف برداری اور اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کی ضرورت ہے، 1973ء کے دستور کے مطابق فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ کی حدود کا تعین ہوچکا ہے، تجاوز کرنے سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو گا، پاکستان کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، آزاد عدلیہ اور میڈیا نے عوام کو سیاسی شعور بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہے ہیں، ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ ملکی معاملات میں اتفاق رائے ضروری ہے، ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک تمام مقدس گائیں ختم اور قانون امیر اور غریب دونوں کے لئے برابر نہیں ہوجاتا، گھنائونی سازش کے تحت انتخابات کو ملتوی کرنے کی کو ششیں کی جارہی ہیں، بروقت نئے عام انتخابات ملک کو در پیش مسائل سے نکال سکتے ہیں، آزمائے ہوئوں کو مزید نہ آزمایا جائے۔ 

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ چوروں، ڈاکوئوں اور لٹیروں کی جگہ ایوان اقتدار نہیں بلکہ جیل ہوتی ہے، قوم پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں سے شدید مایوس ہوچکی ہیں، عوام ہمارا ساتھ دیں ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے جو موروثیت سے پاک اور اس کی قیادت بے داغ ہے، اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف، نصر اللہ خان ناصر، جام حضور بخش، قاری عبدالرحیم و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 210028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/210028/گھنائونی-سازش-کے-تحت-انتخابات-ملتوی-کرنے-کی-کو-ششیں-جارہی-ہیں-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org