QR CodeQR Code

پاکستان پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے عوام سے مخلص ہے، راجہ فیض اکبر جنجوعہ

8 Nov 2012 12:46

اسلام ٹائمز: مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو فورس پاکستان نے گلگت کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو فورس کے کارکن اپنی قیادت کی خود حفاظت کرینگے، پیپلزپارٹی کے کارکن اور جیالے پارٹی کا اہم اور حقیقی سرمایہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کا فنڈ فراہم کررہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے عوام سے مخلص ہے اور یہاں کے عوام کو درپیش تمام مسائل کو حل کرے گی، پی پی پی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پسندیدہ جگہ اور لوگ گلگت بلتستان ہے، پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کو بااختیار اور خوبصورت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو فورس پاکستان راجہ فیض اکبر جنجوعہ نے گلگت کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن جو کہ نالائق اور نکمی لیگ ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف کرپشن کا واویلا مچاتی ہے حالانکہ خود کرپشن میں ملوث ہے، نالائق لیگ کے رہنما میاں نواز شریف پر جب برا وقت آگیا تو وہ ملک چھوڑ کر بھاگ گئے، پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے کرپشن ہو رہی ہے، نالائق لیگ اپنی ناکامی اور کرپشن چھپانے کیلئے صرف پیپلز پارٹی کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کر رہی ہے، تحریک انصاف ن لیگ کی بی ٹیم ہے، تحریک انصاف کو ن لیگ والے ہی چلارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پارٹی ورکروں اور کارکنوں کے جائز مطالبات حل کرے تاکہ جیالوں اور کارکنوں میں پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو فورس کے کارکن اپنی قیادت کی خود حفاظت کرینگے، پیپلز پارٹی کے کارکن اور جیالے پارٹی کا اہم اور حقیقی سرمایہ ہیں، پیپلز پارٹی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی بنا کر ایک منشور دیا اور پارٹی کو کارکنوں اور عوام کے حوالے کیا ہے، اب قیامت تک پیپلز پارٹی رہے گی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو فورس پاکستان کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں بلاول فورس کے کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے ٹھیکیدار ناصرالدین قریشی کو مرکزی نائب صدر اور پیر زادہ میر حسین کو صوبائی صدر کا اعلان کیا۔


خبر کا کوڈ: 210219

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/210219/پاکستان-پیپلز-پارٹی-ہی-گلگت-بلتستان-کے-عوام-سے-مخلص-ہے-راجہ-فیض-اکبر-جنجوعہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org