QR CodeQR Code

پاکستان، ایران، ترکی اور چین کا مشترکہ ثقاقتی میلہ شروع ہو گیا

9 Nov 2012 00:40

اسلام ٹائمز: 11 ۔ نومبر تک جاری رہنے والے میلے کے پہلے روز ایران کی فارسی فلم رنگ خدا پیش کی گئی۔ جمعہ کے روز پاکستانی فلم ہیر رانجھا، ہفتہ کو ترکی اور اتوار کے روز چین کی فلمیں پیش ہوں گی۔


اسلام ٹائمز۔ الحمرا آرٹ گیلری لاہور میں چار دوست ممالک پاکستان، ایران، چین اور ترکی کا چار روزہ مشترکہ ثقافتی میلہ بعنوان بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں ثقافت کا کردار شروع ہو گیا ہے۔ میلے کا افتتاح حکومت پنجاب کے سیکرٹری ثقافت و اطلاعات محی الدین وانی نے کیا۔

اس موقع پر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عباس فاموری، چین ثقافتی مرکز لاہور کی ڈائریکٹر صفورا بخاری، رکن پنجاب اسمبلی اسماء ممدوٹ، الحمرا ہال کونسل کے سربراہ طاہر رضا ہمدانی، معروف فلم ڈائریکٹر جرار رضوی، شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے چئیرمین سید نوبہار شاہ اور دیگر رہنما موجود تھے۔  

ثقافتی میلے میں نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ چار ممالک کے مشترکہ ثقافتی میلے میں فلم، ہینڈی کرافٹس، کھانے اور منشورات رکھی گئی تھیں۔ لوگوں نے میلے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دوست ممالک کے عوام کو مزید قریب آنے اور ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔

 11 ۔ نومبر تک جاری رہنے والے میلے کے پہلے روز ایران کی فارسی فلم رنگ خدا پیش کی گئی۔ جسے لوگوں نے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ بیٹھ کر الحمرا ہال نمبر 3 میں دیکھا۔ اور ایران کی ثقافتی محاذ پر ترقی کو سراہا۔ جمعہ کے روز پاکستان کی پنجابی فلم ہیر رانجھا پیش کی جائے گی۔ ہفتہ کو ترکی اور اتوار کے روز چین کی فلمیں پیش ہوں گی۔


خبر کا کوڈ: 210361

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/210361/پاکستان-ایران-ترکی-اور-چین-کا-مشترکہ-ثقاقتی-میلہ-شروع-ہو-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org