0
Friday 9 Nov 2012 15:22

ایرانی طیاروں نے امریکی ڈرون پر فائرنگ کی،امریکہ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، ایران

ایرانی طیاروں نے امریکی ڈرون پر فائرنگ کی،امریکہ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، ایران
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی جوائنٹ چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید مسعود حسین جزائری نے کہا ہے کہ ایران کی زمینی، ہوائی اور سمندری حدود کے محافظ کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پینٹاگون کے اس دعوے کے ردعمل میں کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے جنگی طیاروں نے خلیج فارس کی فضائی حدود میں ایک امریکی ڈرون طیارے پر فائرنگ کی ہے۔ جنرل جزائری کا کہنا تھا کوئی بھی طیارہ جو اسلامی جمہوری ایران کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرے تو مسلح افواج اس کے خلاف کارروائی کریں گی۔

ادھر امریکی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج پر پرواز کرنے والے ڈرون پر ایرانی جیٹ فائٹرز سے دو مرتبہ فائرنگ کی گئی لیکن فائرنگ سے ڈرون کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ امریکہ نے الزام لگایا ہے کہ ایرانی جیٹ طیاروں نے بین الاقوامی فضائی حدود میں ڈرون پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کا واقعہ یکم نومبر کو پیش آیا۔ امریکی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا جبکہ ایران کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ امریکہ خلیج میں بین الاقوامی فضائی حدود میں نگرانی کے لیے پروازیں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ پچھلے سال اسلامی جمہوری ایران نے ایرانی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے امریکی ڈرون طیارے کو اپنی مہارت کی بنیاد پر اتار لیا تھا اور امریکہ کی خواہش کے باوجود اسے واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پینٹا گون کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے امریکی جاسوس طیارے پر خلیج فارس کی بین الاقوامی فضائی حدود میں حملہ کیا گیا۔ تاہم حملے میں یہ ڈرون طیارہ کسی بھی نقصان سے محفوظ رہا تھا۔ امریکی صدر براک اوباما اور وزیر دفاع لیون پنیٹا کی طرف سے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ دوسری طرف ایران کی طرف سے امریکا کو خبر دار کیا گیا ہے کہ اسکی افواج اپنی تنصیبات اور علاقوں کی حفاظت کا مکمل استحقاق رکھتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 210471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش