QR CodeQR Code

جموں، سیالکوٹ شاہراہ کھلنے سے نئے دور کا آغاز ہوگا، عمر عبداللہ

10 Nov 2012 15:07

اسلام ٹائمز: فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کا محور بھی عروج حاصل کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ جموں، سیالکوٹ سڑک کو تجارت اور سفر کیلئے کھولنے کا معاملہ اُٹھائیں گے تاکہ بھارت، پاکستان کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھا سکے، اس سڑک کو کھولنے سے اعتماد سازی کے اہم پہلو اُجاگر ہوں گے، عمر عبداللہ کے ساتھ فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے ایک مطالبہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سڑک کو تجارت اور سفر کیلئے کھولنے سے نہ صرف لوگوں کے درمیان رابطے مستحکم ہوں گے بلکہ یہاں تجارتی سرگرمیوں کو قابلِ قدر عروج حاصل ہوگا، عمر عبداللہ نے کہا کہ حد متارکہ کے آر پار سفری اور تجارتی سرگرمیوں کو ایک نئی جلاّ ملے گی اور حکومت نے یہ معاملہ اپنی ترجیحات میں رکھا ہے اور اس معاملہ کو منطقی انجام تک لے جانے کے لئے وہ جموں (مقبوضہ کشمیر) سیالکوٹ (پاکستان) سڑک کو کھولنے کی تمام سطحوں پر وکالت کرتے رہیں گے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ اس سڑک کے کھلنے سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے سفر اور تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے ایک وفد جس کی قیادت فیڈریشن کے چئیرمین انل سوری کر رہے تھے، نے مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان سفر کرنے اور وہاں تجارت کرنے کے مختلف پہلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، عمر عبداللہ نے اس موقع پر وفد سے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار بنکنگ سہولیات اور تجارت کے لئے مواد کے اضافے کا معاملہ پہلے ہی بھارتی حکومت کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ان دونوں ممالک نے باہمی صلاح و مشورے سے مسائل حل کرنے کو اولیت دی ہے، انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان دو ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کا محور بھی عروج حاصل کرے گا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صنعتی انقلاب کی حوصلہ افزائی کے لئے اُن کی حکومت نے تمام اقدامات کئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 210474

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/210474/جموں-سیالکوٹ-شاہراہ-کھلنے-سے-نئے-دور-کا-ا-غاز-ہوگا-عمر-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org