0
Friday 9 Nov 2012 20:39

محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات سخت کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات سخت کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے موقع پر سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے 11 نومبر سے 11 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکومت کی جانب سے اعلان کردیا گیا جب کہ آج رات سے 11 محرم الحرام تک کراچی حیدر آباد اور خیرپور میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ وزیراعلی ہاؤس کراچی میں سندھ کی موجودہ امن و امان کی صورت حال سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی رینجرز، ایڈشنل آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11 نومبر سے 11 محرم الحرام تک سندھ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے گا اور آج رات بارہ بجے سے کراچی سمیت حیدر آباد اور خیرپور میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا صوبہ سندھ کے تمام داخلی راستوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر ساحلی انٹری مقامات پر جلد ہائی پاور اسکینرز لگائے جائیں گے تاکہ اسلحہ، بارود اور دیگرممنوعہ اشیاء کے صوبے میں داخلے کو روکا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام بسوں، ریلوے سمیت دیگر سفری ذرائع سے آنے والے مشکوک افراد کی تلاشی لی جائے گی اور کوچز و دیگر گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں لائے جانے والے اسلحہ کو پکڑا جائے۔ 

اس موقع پر وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کو سختی کے ساتھ کچلا جائے۔ محرم الحرام میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کہ مرکزی جلوس کے روٹس پر آنیوالی دکانوں سمیت دیگر اہم مقامات پر بم ڈسپوزل اسکواڈ سے معائنہ کروایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی میں ہونے والے رینجرز ہیڈ کوارٹر بم دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا اور شہداء کے بچوں کو ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 210536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش