0
Friday 9 Nov 2012 21:13

اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد اخلاقی طور پر نواز شریف کو سیاست چھوڑ دینی چاہیئے، عمران خان

اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد اخلاقی طور پر نواز شریف کو سیاست چھوڑ دینی چاہیئے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد نواز شریف کو سیاست چھوڑ دینی چاہیے، سوئس کیس کے فیصلے کے بعد صدر زرداری غیر جانبدار نہیں رہے، اب وہ الیکشن کرا سکتے ہیں اور نہ ہی نگراں حکومت بنا سکتے ہیں، آرمی چیف کے بیان سے متفق ہوں کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، تحریک انصاف ملک میں پھیلی کرپشن کے کینسر کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہے اور آئندہ سال جب شوکت خانم ہسپتال کا سمپوزیم ہو گا تو ملک میں کرپشن کا کینسر ختم ہو چکا ہو گا اور اس وقت نئے پاکستان میں سمپوزیم کی تقریب ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کے 11ویں کینسر سمپوزیم کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرنے والے اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد بےنقاب ہو گئے ہیں، مجھ پر اگر آئی ایس آئی سے ایک پیسہ بھی رشوت لینے کا الزام ثابت ہوجائے تو میں ساری عمر کے لئے سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے چمپئن ہونے کے دعوے کرنے والے نواز شریف کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاست سے دستبردار ہو جانا چاہیے۔ 
  
ان کا کہنا تھا کہ بڑی جدوجہد سے عدلیہ آزاد ہوئی ہے اور اب پیپلز پارٹی عدلیہ کو تباہ کرنے کی سازشیں کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض رہنماء پارٹی چھوڑ سکتے ہیں لیکن ان کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پارٹیوں سے لوگ آتے جاتے رہتے ہیں، تحریک انصاف کے سونامی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہا سوئس کیس کے فیصلے کے بعد صدر زرداری غیر جانبدار نہیں رہے اور نہ ہی نگراں حکومت بنا سکتے ہیں۔ اصغر خان کیس کے تفصیلی فیصلے کے بعد صدر زردرای اپنی نگرانی میں الیکشن نہیں کروا سکتے۔ آئندہ انتخابات میں تاریخ میں پہلی بارنیا پاکستان وجود میں آئے گا۔ 

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ آرمی چیف کی بات سے متفق ہیں کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہیئے، اس سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدان مل کر بھی الیکشن میں حصہ لیں تو بھی سونامی کو نہیں روک سکتے۔ تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہے اور اسکا جڑ سے خاتمہ کرینگے، آئندہ سال جب شوکت خانم ہسپتال کا سمپوزیم ہو گا تو ملک میں کرپشن کا کینسر ختم ہو چکا ہو گا اور اس وقت نئے پاکستان میں سمپوزیم کی تقریب ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور آرمی چیف کی اس بات سے متفق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں اور جب تک ہماری پارٹی میں نظریاتی لوگ ہیں ہمیں جانے والوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کوئی ہمارے سونامی کو نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری طریقے سے آنے والے لوگ اقتدار میں آ کر توقع رکھتے ہیں کہ ان کی کرپشن اور بے ضابطگیوں کے بارے میں پوچھ گچھ نہ ہو لیکن ہم اس روایت کو تبدیل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے صدر آصف زرداری ہوں یا کوئی اور تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں ضرور حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 210542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش