0
Saturday 10 Nov 2012 14:55

مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا

مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی، کراچی میں علامہ آفتاب حیدرجعفری کی شہادت، کوئٹہ اور پشاور میں ہونے والی شہادتوں کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا، اس حوالے سے ملتان، خانیوال، مظفر گڑھ، وہاڑی، میلسی، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازیخان میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام یوم احتجاج منایا گیا، ملتان میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد جعفریہ سے چوک قذافی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ 

ملتان میں ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں علامہ محمد حسین مہدوی، مولانا عمرن ظفر، محمد عباس صدیقی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر تہورحیدری نے کی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے، مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ آفتاب حیدر جعفری کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزادی جائے، اگر حکومت ہمارے شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرتی تو ہم مجبوراً محرم الحرام کے جلوسوں کا رُخ حکومتی اہلکاروں کے گھروں کا گھیرائو کریں گے۔ 

مقررین نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ہزارہ قبائل اور پشاور میں خودکش حملہ کے نتیجے میں ایس پی ہلال حیدر کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چند شرپسندوں نے ہمارے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے، حکومت کو اُن سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنا ہوگا، مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل، دہشت گردی، طالبان، آزاد عدلیہ، چیف جسٹس اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
خبر کا کوڈ : 210638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش